سائنس و ٹیکنالوجی اختراعی سال کی اختتامی تقریب ،چینی و روسی صدور میں تہنیتی خطوط کا تبادلہ

وقت نے ثابت کیا چین ،روس کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کی اختراع میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں،شی جن پنگ

ہفتہ 27 نومبر 2021 15:13

سائنس و ٹیکنالوجی اختراعی سال کی اختتامی تقریب ،چینی و روسی صدور میں ..
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چین روس سائنس اور ٹیکنالوجی اختراعی سال کی اختتامی تقریب کیلئے مبارکبادکے خطوط بھیجے ہیں۔چینی ریڈیو کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ 1سال سے زائد عرصے سے چین اور روس نے 1ہزار سے زائد سائنسی اور تکنیکی اختراعی تعاون اور تبادلے کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا ہے اور دونوں ممالک کو کوروناوائرس وبا کی روک تھام ، ایرو سپیس، جوہری توانائی اور ڈیجیٹل معیشت سمیت مختلف شعبوں میں بڑی پیش رفت حاصل ہوئی ہے ۔

وقت نے ثابت کیا ہے کہ چین اور روس کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کی اختراع میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور روس کو نسلوں تک دوستی کے تصور کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مزید فروغ دینا اور تعلقات کو اعلی سطح اور اعلی معیار تک فروغ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ولادیمیر پیوٹن نے اپنے مبارکبادکے خط میں کہا کہ دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے روس چین سائنس اور ٹیکنالوجی اختراعی سال کے کامیاب انعقاد سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ نئے دور میں جامع سٹرٹیجک تعاون کے شراکت دار تعلقات کے فریم ورک کے تحت دونوں ممالک کا سائنسی تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ دونوں ممالک کو جامع تعاون کے لیے مزید نئی قوت فراہم کرنی چاہئے ۔