Live Updates

عمران خان کے سوا ملک میں کوئی لیڈرنہیں‘ باقی سب بونے ہیں ، فواد چوہدری

ن لیگ لوگوں کو لالچ دے کر الیکشن لڑتی ہے‘ ہزار، 2 ہزار میں ووٹ خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟ سیاست مریم نواز کے بس کی بات نہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 نومبر 2021 16:23

عمران خان کے سوا ملک میں کوئی لیڈرنہیں‘ باقی سب بونے ہیں ، فواد چوہدری
جہلم ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2021ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کا پورے پاکستان میں ووٹ ہے کیوں کہ ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی لیڈرنہیں ہے ان کےعلاوہ باقی سب بونے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنڈ دادن خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے کیوں کہ ان کا انتخآبی طریقہ دھاندلی ہے اور ن لیگ لوگوں کو لالچ دے کر الیکشن لڑتی ہے، ووٹ کو ہزار، 2 ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بس کی بات نہیں ہے ، ویڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے، ویڈیوز پہلے آجاتی ہیں بعد میں پتہ چلتا ہے کہ جعلی ہے، ایسی جعلی ویڈیو کے ذریعے اداروں کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا ، شریف خاندان لندن میں جائیدادوں کی رسیدیں دے، اس کے علاوہ ان کے پاس اور کوئی آپشن نہیں ہے ، مریم نواز نے کہا تھا لندن تو کیا پاکستان میں بھی میری کوئی جائیداد نہیں ہے، آپ کے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکارہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی زرداری اور بلاول کی پارٹی ہے اور سندھ تک محدود ہے، پورے پاکستان میں اگر کوئی ٹکٹ دینے کے پوزیشن میں ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے کیوں کہ ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی لیڈرنہیں، ان کے علاوہ باقی سب بونے ہیں، وزیراعظم کی آواز پورے ملک میں جاتی ہے اور پورے ملک میں ان کا ووٹ بینک ہے، تحریک انصاف واحد قومی اور وفاقی پارٹی ہے جس نے پاکستان کو متحد رکھا ہوا ہے ، وفاقی قیادت اور وفاقی پارٹی پاکستان کے لیے ضروری ہے، اگلےانتخابات میں بھی عمران خان کاکوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔                     
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات