وزیراعلیٰ اپنے جہاز پر لندن کیوں گئیں؟ مریم نواز کو چاہیئے کہ اپنے بیانات میں تضاد پر خود ہی غور کریں، حامد میر

کچھ دن پہلے انہوں نے لندن میں فرمایا تھا کہ وہ چھٹی پر ہیں، آج سرکاری جہاز کے استعمال کو جائز ثابت کرنے کیلئے کہا کہ وزیراعلیٰ کبھی چھٹی پر نہیں ہوتا، ان کی ساتھی وزراء کے بیانات بھی آپس نہیں ملتے، سینئر صحافی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 ستمبر 2026 00:53

وزیراعلیٰ اپنے جہاز پر لندن کیوں گئیں؟ مریم نواز کو چاہیئے کہ اپنے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 17ستمبر 2026ء ) سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے جہاز پر لندن کیوں گئیں؟ مریم نواز کو چاہیئے کہ اپنے بیانات میں تضاد پر خود ہی غور کریں۔ انہوں نے جیو نیوز میں اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بڑا تلخ لہجہ تھا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بڑی تکلیف ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے جہاز پر لندن کیوں گئیں؟ انہوں نے تنقید کرنے والوں پر الزامات بھی لگائے ہیں۔

لیکن ان کی خدمت میں عرض ہے کہ آپ کے مئوقف میں کافی تضاد پایا جاتا ہے، لہذا وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیانات میں تضاد پر خود ہی غور کریں، کچھ دن پہلے انہوں نے لندن میں فرمایاتھا کہ وہ چھٹی پر ہیں آج اپنے سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال کو جائز ثابت کرنے کے لیے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کبھی چھٹی پر نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

ان کی ساتھی وزراء کے بیانات بھی آپس نہیں ملتے ایک وزیر صاحبہ نے کہا تھا کہ یہ جہاز ائر پنجاب کے لئے خریدا گیا ، ہم نے ایک فلیٹ بنانی ہے، ایئرپنجاب کیلئے ہمیں جہاز خریدنا پڑیں گے یا پھر لیز پر لینا پڑیں گے۔

دوسری وزیر صاحبہ نے کہا کہ جہاز کیوں خریدا؟ خریدا ہے بھئی، ہاں خریدا ہے جہاز، وزیراعلیٰ نے عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے جہاز خریدا اور بالکل ٹھیک خریدا ہے۔ یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرکاری جہاز کے استعمال پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آج ان پر بیٹی کی گریجویشن میں سرکاری جہاز میں جانے پر تنقیدکی جارہی ہے لیکن جہاز کے سارے اخراجات انہوں نے خود ادا کیے، وہ عوام کو جوابدہ ہیں کسی یوٹیوبر کو نہیں . ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب کے بعد جلسہ سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بڑی تنقید ہو رہی ہے کہ مریم نواز نے سرکاری طیارہ بک کرایا، سوچا جہاز پرتنقید ہو رہی ہے تو میں چنگ چی پر بیٹھ کر ملتان چلی جاتی ہوں، وہ جہاز مریم نواز کا نہیں وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے، چاروں وزرائے اعلیٰ کے پاس جہاز ہیں، صرف مجھ پرتنقید ہورہی ہے، بیٹی کی گریجویشن میں سرکاری جہاز میں جانے پر تنقید کی جارہی ہے لیکن آپ کو بتا دوں اس کے سارے اخراجات پونے3 کروڑ روپے خود ادا کیے. مریم نواز کا کہنا تھا کہ تنقید اس لیے ہو رہی ہے کہ میں کام کرتی ہوں، مریم نواز پرتنقید کرکے ان کو ڈالر ملتے ہیں، مجھ پر تنقید کرنے والے تم کون ہوتے ہو، میں وزیراعلیٰ بننے سے پہلے کمرشل فلائیٹ پر باہر جاتی تھی، عوام کی خوشحالی کے لیے طیارے پر مجھے جہاں جانا پڑا جاﺅں گی، میں طیارے میں بھی ہوں تو میرا دفتر چلتا ہے،میں آپ کی تنقید کا جواب نہیں دوں گی، آپ تنقید کرتے رہو مجھے فرق نہیں پڑتا پنجاب کے ترقیاتی کاموں پر بہت تنقید ہوتی ہے، اس ترقی کو دیکھ کر جو آئینہ دکھایا جارہا ہے تنقید اس پر ہورہی ہے، باقی صوبوں میں جاﺅتو ایسا لگتا ہے کہ انیس سو ڈیڑھ میں آگئے ہیں، پنجاب میں تین سو ارب روپے اپنا گھر، اپنی چھت اسکیم پر لگے ہیں، اس پر کوئی بات نہیں کرتا ، پنجاب کے عوام کی خدمت پر کوئی نہیں بولتا، حسرت ہے کہ کوئی یہ کہہ دے انہوں نے بھی اپنے صوبے میں ترقیاتی کام کیے ہیں. وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ پنجاب کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے انہیں کسی نے نہیں پوچھا وہ سڑک پر بیٹھے رہے، پنجاب کے عوام نے انہیں پہچاننے سے انکار کردیا، انہیں پنجاب کے عوام نے مستردکیا تو وہ خودساختہ اغوا ہوئے، انہوں نے کرسی مانگی تو کرسی دینے سے انکار کردیا کہ کرسی چوری ہوجائے گی. انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رہنے والا ہرشخص مریم نواز کی ذمہ داری ہے، رواں مالی سال میں پنجاب کے ہرضلع میں گرین بسیں چلیں گی، 3 ہزار الیکٹرک بسیں عوام کی خدمت کے لیے موجود رہیں گی، ایسے علاقوں میں گرین بسیں چلا رہے ہیں جہاں عوام نے سرکاری ٹرانسپورٹ کا نام بھی نہیں سنا تھا، طلبا کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیک دیں گے، دنیا کی مہنگی ترین کینسر کی مشین ہسپتال میں نصب کی ہے، عوام کی حفاظت کے لیے امن وامان بہتر بنایا، کسی اور میں یہ ہمت نہیں تھی، لوگوں نے مقدمات سے ڈرانے کی کوشش کی، میں نہیں ڈرتی. قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں الیکٹروبس سروس کا افتتاح کیا وزیراعلی مریم نوازشریف ایگرو مال شجاع آباد روڈ پر قائم ای بس سٹاپ سے الیکٹروبس پر سوار ہوئیں. وزیراعلی مریم نوازشریف الیکٹروبس پر سوار ہو کر محمد نوازشریف یونیورسٹی آف ایگری کلچر میں قائم تقریب گاہ پہنچیں اولڈ شجاع آباد روڈ پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شاندار عوامی استقبال کیاگیا ہزاروں بچے، نوجوان، طلبہ اور بزرگ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے استقبال کیلئے روڈ پر آگئے وزیراعلی مریم نواز شریف نے گاڑی پر ہزاروں من گلاب نچھاور کیے بچے پھول اور تصاویر لیکر گاڑی کے ساتھ ساتھ چلتے رہے. وزیراعلی مریم نوازشریف نے الیکٹروبس پراجیکٹ کا باقاعدہ ڈیجیٹل آغاز کیا تقریب گاہ پہنچنے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیاگیا پنڈال تا دیر مریم نواز شریف کے نعروں سے گونجتا رہا. صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ای بس پراجیکٹ کی تفصیلات بیان کیں ملتان میں پہلے مرحلے میں 45الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی وہاڑی چوک سے نشتر ہسپتال، گھنٹہ گھر سے ابن سینہ ہسپتال، ڈیرہ اڈا سے براستہ ڈی ایچ اے وویمن یونیورسٹی، ای خدمت سنٹرتک الیکٹروبس چلائی جائیں گی چونگی نمبر9 سے ناگ شاہ نادرہ آباد پھاٹک تک الیکٹرو بس چلے گی ملتان وہاڑی چوک قاسم بیلہ اور گھنٹہ گھر سے قادر پور راں تک الیکٹروبس سروس میسر ہوگی پہلے فیز میں ملتا ن ڈویژن کے مختلف شہروں اور علاقو ں کے لئے 160الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی ملتان ڈویژن میں مجموعی طورپر 205 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔