پاکستان میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر سر اُٹھانے لگا

کورونا کی چوتھی لہر مزید 10 جانیں لے گئی، چوبیس گھنٹے میں 475 نئے مریض رجسٹرڈ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 نومبر 2021 10:24

پاکستان میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر سر اُٹھانے لگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) : پاکستان بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس نے ایک مرتبہ پھر سے سر اُٹھانا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 1.1 فیصد پر آ گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 728 ہوگئی۔

پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 84 ہزار 840 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 475 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 43 ہزار 94، سندھ میں 4 لاکھ 75 ہزار 616، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 79 ہزار 995، بلوچستان میں 33 ہزار 479، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 411، اسلام آباد میں ایک لاکھ 7 ہزار 689 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 556 کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں 13 ہزار 23، سندھ میں 7 ہزار 621، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 842، اسلام آباد میں 954، بلوچستان میں 360، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 742 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کا ایک نیا ویرئینٹ آ گیا ہے جس نے دنیا کو ہلا کر رکھ کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم جنوبی افریقا کے ایک صوبے میں دریافت ہوئی ہے جس کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں اوریجنل کورونا وائرس کے مقابلے میں اس قدر تبدیلیاں رونما ہوچکی ہیں کہ کورونا کی اب تک بنائی جانے والی ویکسینز کی مؤثریت 40 فیصد تک کم ہوسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئے ویرینٹ کا مشاہدہ کرنے کے بعد وہ حیران رہ گئے کیوں کہ انہوں نے اس سے قبل کورونا کی اتنی خطرناک قسم نہیں دیکھی۔ ابتدائی طور پر کورونا وائرس کے اس نئے ویرینٹ کو B.1.1.529 کا نام دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اسے اومی کرون کا نام دیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین شدہ افراد بھی اس خطرناک ویرئینٹ سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے بھی عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون انتہائی خطرناک ہے جو پاکستان کو بھی متاثر کرے گا۔