ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے دوران شارپ شوٹرز کو حساس مقامات پر تعینات کرنے کا فیصلہ

سکیورٹی ڈویژن کے اہلکار بشمول سپیشل سکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کو امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تعینات کیا جائیگا:ڈی آئی جی سکیورٹی مقصود احمد میمن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 نومبر 2021 15:36

ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے دوران شارپ شوٹرز کو حساس مقامات پر تعینات ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 نومبر 2021ء ) ڈی آئی جی سکیورٹی مقصود احمد میمن کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے دوران شارپ شوٹرز کو حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا جب کہ حکام سیریز سے قبل سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیں گے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی نے یہ بیان ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں دیا جس میں ایڈیشنل اے آئی جیز غلام نبی میمن اور امیر احمد شیخ، پولیس، رینجرز، فوج اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس دورے میں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 13 سے 22 دسمبر تک تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین T20 انٹرنیشنل مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی مقصود احمد نے اجلاس کو دورے کے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی ، انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ڈویژن کے اہلکار بشمول سپیشل سکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں ویسٹ انڈیز کی چوتھی سیریز ہو گی جس میں سے ٹاپ 7 ٹیمیں بھارت میں 2023ء میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیں گی ۔