کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاو کے خدشات، حکومت کا یکم دسمبر سے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

مہم کے پہلے مرحلے میں ہیلتھ کیئر ورکرز، 50 سال کی عمر سے زائد اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کو بوسٹر ڈوز دی جائے گی

muhammad ali محمد علی منگل 30 نومبر 2021 21:46

کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاو کے خدشات، حکومت کا یکم دسمبر سے ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2021ء) حکومت کا یکم دسمبر سے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاو کے خدشات کے پیش نظر ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے کل یکم دسمبر سے ملک بھر میں کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بوسٹر ڈوز کی مہم مرحلہ وار چلائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں ہیلتھ کیئر ورکرز، 50 سال کی عمر سے زائد والے افراد اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز دی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بوسٹر ڈوز لگوانے کے اہل افراد کو اپنی مرضی کی ویکسین کا انتخاب کرنے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ بوسٹر ڈوز لگوانے کیلئے سختی نہیں کی جائے گی، پہلے مرحلے میں ویکسین کی بوسٹر ڈوز کو لگوانا لازمی قرار نہیں دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب حکومت نےبھی کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاو کے خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات کا آغاز کر دیا۔ پنجاب میں یکم دسمبر سے گھر گھر ویکسی نیشن مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منگل کے روز وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشداور چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی سول سیکرٹریٹ میں این سی اوسی کے اہم اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیراسدعمرنے کی۔اجلاس میں محکمہ صحت کے دونوں سیکرٹریز ڈاکٹراحمد جاوید قاضی، عمران سکندربلوچ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کے علاوہ این سی اوسی کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں کوروناکی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کی کامیابی پر محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کل یکم دسمبر سے ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر رہے ہیں۔ ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران 2 کرور67 لاکھ افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران ویکسین کی دوسری ڈوزنہ لگوانے والوں کو بھی مکمل ویکسنیٹ کردیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے میں پنجاب کی عوام کو ویکسین لگا کرمحفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پنجاب کے تمام کمشنرزاورڈی سی حضرات ریچ ایوری ڈوریکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے کو بھی کامیاب بنائیں گے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ این سی اوسی کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے افریقی ویرینٹ سے بخوبی نمٹاجائے گا۔

ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن کی پہلی مہم کی طرح دوسری مہم کو بھی کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ویکسی نیشن اور احتیاط کے ذریعے ہی کوروناکی وباء سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ الحمداللہ پنجاب میں کوروناوائرس کے مثبت کیسزمیں واضع کمی آچکی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد ریچ ایوری ڈور ویکسی نیشن مہم کے پہلے مرحلے کے دوران پنجاب کی ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد آبادی کو ویکسین لگا کر کورونا سے محفوظ بنا چکے ہیں۔