سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں افسوسناک واقعہ

پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو شوہر کو راکھی باندھنے پر مجبور کر دیا گیا، گھر والوں کی زور زبردستی سے دلبرداشتہ ہو کر لڑکی نے خود کشی کر لی

muhammad ali محمد علی بدھ 1 دسمبر 2021 00:49

سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں افسوسناک واقعہ
ٹنڈوالہ یار (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں افسوسناک واقعہ، پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو شوہر کو راکھی باندھنے پر مجبور کر دیا گیا، گھر والوں کی زور زبردستی سے دلبرداشتہ ہو کر لڑکی نے خود کشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار کی رہائشی 17 سالہ لڑکی نے اپنے گھر والوں کی زور زبردستی سے تنگ آ کر اپنی زندگی کا ہی خاتمہ کر لیا۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹنڈوالہ یار سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی نے رواں ماہ کی 8 تاریخ کو حیدرآباد میں پسند کی شادی کر لی تھی۔ پسند کی شادی کے بعد لڑکا لڑکی حیدرآباد سے کراچی آ گئے اور وہاں رہائش اختیار کر لی۔ تاہم کچھ روز بعد لڑکی کے اہل خانہ نے اسے ڈھونڈ نکالا اور پھر دونوں میاں بیوی کو واپس ٹنڈوالہ یار لے جایا گیا۔

(جاری ہے)

ٹنڈوالہ یار جانے کے بعد لڑکا لڑکی کی زبردستی طلاق کروا دی گئی۔ اہل خانہ نے ناصرف زور زبردستی سے دونوں کی طلاق دلوائی، بلکہ لڑکی کیساتھ زبردستی کر کے اسے اپنے شوہر کو راکھی باندھنے پر بھی مجبور کیا گیا۔ ان تمام واقعات سے دلبرداشتہ ہو کر لڑکی نے اپنی جان لے لی۔ اس حوالے سے پولیس کا بتانا ہے کہ لڑکا لڑکی آپس میں کزن ہیں، لڑکی نے مبینہ طور پر خود کشی کی ہے، اس واقعے کی تفتیش جاری ہے۔