جنرل ہسپتال گائنی آؤٹ ڈور میں قائم کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹر کے نتائج حوصلہ افزا

ایک ماہ کے دوران 850 حاملہ خواتین نے استفادہ کیا، ہر شخص کے لئے ویکسین لگوانا نا گزیر ہے ‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

بدھ 1 دسمبر 2021 16:29

جنرل ہسپتال گائنی آؤٹ ڈور میں قائم کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹر کے نتائج ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2021ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ لاہورجنرل ہسپتال شعبہ گائنی آؤٹ ڈور میں قائم کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹر سے ایک ماہ کے دوران 850حاملہ خواتین نے استفادہ کیا اورپبلک سیکٹر ہسپتالوں میں یہ منفرد اعزاز سب سے پہلے ایل جی ایچ کو حاصل ہوا ہے جہاں آنے والی خواتین کو طبی سولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کورونا سے محفوظ رہنے کے لئے ویکسین لگائی جا رہی ہے اور اب تک اس کاؤنٹر کے نتائج حوصلہ افزا ہیں ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں خواتین کی سہولت کیلئے مذکورہ کاؤنٹر یکم نومبر2021کو قائم کیا گیا تھا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹرکے معائنہ کے موقع پر مریض خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر عامر غفور مفتی ، ڈائریکٹر گائنی او پی ڈی ڈاکٹر ثمینہ توفیق ، الفت نذیر ، عارفہ رحمان و دیگر موجود تھے ۔

پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ کورونا کی نئی قسم کی آمد کے خطرے کے پیش نظر ہر شخص کے لئے ویکسین لگوانا نا گزیر ہو گیا ہے اور اس بارے میں شعوراجاگر کرنے کیلئے بھرپور مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ ہر شہری ویکسی نیشن کے ذریعے خود کو محفوظ بنا سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤا ور اس سے محفوظ رہنے کی حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کیلئے صحت عامہ کے ماہرین کو آگے آنا چاہیے کیونکہ کورونا کی وجہ سے ہسپتال کے معاملات کو معطل کرنے سے عام لوگوں کو علاج معالجے اور آپریشن کی سہولیات سے محروم ہونا پڑتا ہے جس سے صحت کے مسائل جنم لیتے ہیں لہذا ضروری ہے کہ جنرل ہسپتال کی طرح تمام ہسپتالوں کے شعبہ گائنی میں خصوصی ویکسی نیشن کاؤنٹر قائم کیے جائیں تاکہ حاملہ اور ڈلیوری کیلئے آنے والی خواتین کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ دیگر بیماریوں کی طرح کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹر ز و دیگر طبی عملہ محفوظ ماحول میں مذکورہ خواتین کو بلا خوف طبی سہولیات فراہم کر سکیں ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں و لواحقین کو بیماریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ان کی"کونسلنگ" بھی ضروری ہے تاکہ لوگ اپنی حفاظت کیلئے بلا جھجک ویکسی نیشن کروائیں کیونکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے ماہرین کی بھی یہ ہدایت اور مشورہ ہے کہ کورونا کے خطرے کو کم کرنے اور اس وبا سے محفوظ رہنے کا واحد حل ہر شخص کی ویکسی نیشن ہے لہذا سو فیصد لوگوں کا یہ ہدف حاصل کرنا ضروری ہے جس کو عوام کے تعاون سے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔

پروفیسر الفرید ظفرنے شہریوں سے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے ویکسی نیشن کی مفت سہولیات سے فائدہ اٹھا کر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں ۔اس موقع پر انہوں نے کاؤنٹر پر موجود خواتین مریضوں سے گفتگو بھی کی اور اُن سے وہاں دی جانے والی سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔