Live Updates

لاہور کا فضائی آلودگی میں آج پھر دنیا بھر میں پہلا نمبر

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت کی فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد311 ریکارڈ کی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 دسمبر 2021 10:50

لاہور کا فضائی آلودگی میں آج پھر دنیا بھر میں پہلا نمبر
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2021ء ) صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی میں آج پھر دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پھر سرفہرست ہے کیوں کہ صبح کے آغاز پر لاہور کی فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد311 ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج پھر پہلے نمبر پررہا جب کہ فضائی آلودگی کےلحاظ سے بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر پر تھا اور پاکستان کا سب سے بڑا معاشی شہر کراچی فضائی آلودگی میں گیارہویں نمبر پر رہا۔

ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت فضائی آلودگی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے ایک ماہ کا وقت دے دیا ، اجلاس میں وزیراعظم کو 15 نکاتی ایکشن پلان پیش کیا گیا، وزیراعظم نے بڑھتی فضائی آلودگی پر اظہار تشویش کیا ، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو اسموگ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کو ایکشن پلان رپورٹ سے متعلق بتایا گیا کہ الیکٹرک و ہیکلزپالیسی پر عملدرآمد کرانے کی سفارش کی گئی ہے، پاکستان میں یوروفائیو پٹرول درآمد کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے ، رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ فصلوں کی باقیات تلف کرنے کیلئے جدید طریقہ اپنایا جائے گا ، موٹرسائیکل رکشہ کو الیکٹرک انجن پر منتقل کیا جائے گا جب کہ اسلام آباد میں مارچ سے الیکٹرک بسیں سڑکوں پر آجائیں گی۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پہلی پلاسٹک روڈ پر کام شروع کردیا گیا ہے ،اتاترک ایونیو پر ایک کلومیٹر پلاسٹک روڈ تعمیر کی جا رہی ہے، ایک کلومیٹر روڈ پر 70 ٹن پلاسٹک استعمال ہوگا، فی الحال پلاسٹک روڈ پر ہیوی ٹریفک نہیں چل سکے گی ، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے پلاسٹک روڈ کا افتتاح کردیا ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پلاسٹک کی ری سائیکلنگ کرکے پلاسٹک کو سڑکوں کی تعمیر کیلئے استعمال کیا جائے گا، جس کے تحت تجرباتی طور پر اسلام آباد میں پہلی پلاسٹک روڈ پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے ،اتاترک ایونیو پر ایک کلومیٹر پلاسٹک روڈ تعمیر کی جا رہی ہے، ایک کلومیٹر روڈ پر 70 ٹن پلاسٹک استعمال ہوگا، پلاسٹک کو جلانے کی بجائے سڑک کے میٹریل میں مکس کردیا جاتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات