گورنمنٹ رضیہ سلطانہ سکول برائے نابینا طلباء و طالبات میں عالمی یومِ معذوراں کے حوالےسے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 4 دسمبر 2021 12:04

گورنمنٹ رضیہ سلطانہ سکول برائے نابینا طلباء و طالبات میں عالمی یومِ ..
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء،نمائندہ خصوصی،عبداللہ خان) عالمی یومِ معذوراں کے حوالےسے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد گورنمنٹ رضیہ سلطانہ سکول برائے نابینا طلباء و طالبات اٹک میں کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانان خصوصی، محترم جناب کرنل ریٹائرڈ شاہد جمیل میاں تھے جو خصوصی بچوں کے ساتھ شفقت رکھتے ہوئے ہمیشہ خصوصی تعلیمی اداروں کی مدد و معاونت کرتے ہیں۔

حتی کہ انھوں نے اپنی قیمتی پراپرٹی بھی خصوصی تعلیمی اداروں کو عطیہ میں دی ہے۔ اس تقریب کی صدارت محترم جناب راشد الرحمان، صدر انجمن تاجران نے فرمائی اور خصوصی بچوں کی ریفریشمنٹ کا بھی بندوبست کیا۔ اس تقریب کے مہمانان گرامی میں چیف آفیسر، میونسپل کمیٹی عظمت وڑائچ، مس مسرت صاحبہ ڈپٹی ڈیو ایجوکیشن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ،اسد ستی صاحب، ملک امجد صاحب آواز فاءونڈیشن، مس شیریں اسلم، کثیر تعداد میں میڈیا کے نمائندگان، معززین شہر اور خصوصی بچوں کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس رنگارنگ تقریب میں گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفیکٹو ہیرنگ اسکول اٹک، گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فار سلو لرنرز اٹک، گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر اٹک سٹی اور گورنمنٹ رضیہ سلطانہ سکول برائے نابینا طلباء و طالبات اٹک کے خصوصی طلباء و طالبات نے قرأت، حمد، نعت، تقاریر، ملی نغموں اور ٹیبلوز کی صورت میں بہترین پرفارمینس دے کر حاضرین کو دنگ کر دیا۔

اسپیشل ایجوکیشن کے اداروں کی ہیڈ مسٹریس سلمیٰ خاتون، نجمہ شاہین، ام حبیبہ اور مصباح صدیقہ نے تقاریر میں بتایا کہ ان بچوں کی اس پرفارمینس کے پیچھے اساتذہ کرام کی انتھک محنت، انتظامیہ کا عزم و حوصلہ اور گورنمنٹ کے بے دریغ وسائل ہیں۔ لہذا ہم چاہتے ہیں کہ یہ بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے بڑے عہدوں پر فائز ہو کر معاشرے کے باعزت شہری بنیں۔

لیکن پچھلے چند سالوں سے خصوصی بچے، بالخصوص نابینا ڈیلی ویجز و درجہ چہارم ملازمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس سے اساتذہ کی انتھک محنت و کوشش اور گورنمنٹ کے بے دریغ وسائل ضأیع ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ مزید انھوں نے کہا کہ تمام معذوریوں کے افراد کو ملازمت میں موقع دیا جائے، بالخصوص سماعت و گویائی سے محروم افراد جو اس وقت تک ملازمت سے محروم ہیں کیونکہ وہ دھرنا نہیں دیتے، نہ روڈ بلاک کرتے ہیں اور نہ ہی اعلیٰ افسران کے ساتھ بحث و مباحثہ کر سکتے ہیں۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمان گرامی نے اداروں کی انتظامیہ اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ہر طرح کے تعاون کی یقین دھانی کرائی گئی۔ آخر میں سلمیٰ خاتون نے مہمانان، سکیورٹی کے افراد، میڈیا اور والدین کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔