بلوچستان میں سرمایہ کاری دیر پا امن سے مشروط ، ہماری ترجیح امن کا قیام اور ترقی کے احداف کو حاصل کرنا ہے، قاسم خان سوری

ہفتہ 4 دسمبر 2021 19:08

بلوچستان میں سرمایہ کاری دیر پا امن سے مشروط ، ہماری ترجیح امن کا قیام ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2021ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وفاق بلوچستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری دیر پا امن سے مشروط ہے۔ ہماری ترجیح امن کا قیام اور ترقی کے احداف کو حاصل کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں ٹریڈ اینڈ انڈسٹرئیل ڈولپمنٹ کے موضوع پر کوئٹہ میں سیمینار ہوا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، چیرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب خصوصی طور پر سیمینار میں شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ میر ظہور بلیدی سیمینار کی صدارت کررہے تھے۔ اہتمام FES اور گورنمنٹ آف بلوچستان کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سی پیک انتہائی اہم پروجیکٹ ہے ۔

(جاری ہے)

سی پیک نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب تمام اکائیاں اس ترقی سے مستفید ہوں۔ سی پیک کی تکمیل کے ساتھ ملک کا نقشہ بدل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اصل اسٹیک ہولڈر بلوچستان کے لوگ ہیں جنہیں ہنر مند بناکر معاشی طور پر مستحکم کیا جائے گا۔ صوبے کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے حکومت مثالی کردار ادا کررہی ہے۔

ملک کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے منسلک ہے۔ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب نے کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔ ہم بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سی پیک سے متعلق تمام خدشات کو دور کررہے ہیں۔ گوادر کی ترقی میں مقامی لوگوں کا اہم کردار ہے جس کو ہر گز نظر انداز نہیں کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے۔ وفاق کی سطح پر کوشش کی جارہی ہے کہ بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے مساوی ترقی دی جائے۔ سیمینار سے ایف ای پی کے کنٹری ہیڈ Jochen Hippler ، چیمبر آف کامرس، معاشی اور اقتصادی ماہرین اور طلبہ نے بھی خیالات کا اظہار کیا اور سی پیک کے حوالے سے تجاویز دیں۔