پی ڈی ایم مہنگائی مارچ سے یوم پاکستان کی پریڈ متاثر نہیں ہو گی

اپوزیشن کے قافلے 23 مارچ کی رات اسلام آباد پہنچیں گے، پی ڈی ایم قیادت کی وضاحت

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 7 دسمبر 2021 00:43

پی ڈی ایم مہنگائی مارچ سے یوم پاکستان کی پریڈ متاثر نہیں ہو گی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 دسمبر2021ء) پی ڈی ایم مہنگائی مارچ سے یوم پاکستان کی پریڈ متاثر نہیں ہو گی۔ اپوزیشن کے قافلے 23 مارچ کی رات اسلام آباد پہنچیں گے، پی ڈی ایم قیادت کی وضاحت۔ تفصیلات کے مطابق بروز پیر پی ڈی ایم کا اجلاس ہوا جس میں تمام پارٹیوں کے رہنماؤں نے حکومت مخالف مارچ پر اتفاق کیا۔ پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت مخالف مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دیا گیا جبکہ مہنگائی مارچ کے لیے 23 مارچ کو سڑکوں پر آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

پی ڈی ایم اجلاس کے دوران ہی کچھ رہنماؤں نے سوال اٹھایا کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ ہوگی تو اعلیٰ قیادت نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کے پی ڈی ایم مہنگائی مارچ سے یوم پاکستان کی پریڈ متاثر نہیں ہو گی۔ اپوزیشن کے قافلے 23 مارچ کی رات اسلام آباد پہنچیں گے، اور صبح مولانا فضل الرحمان نماز جمعہ کی امامت کریں گے۔

(جاری ہے)

 واضح رہے کہ  وزیرداخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم مہنگائی مارچ کے حوالے سے کہا تھا کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کی مارچ کی کال انتہائی غیراخلاقی اقدام ہے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔ 23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہیں جس میں پاکستانی عوام سمیت غیر ملکی سفیر اور مندوب بھی شرکت کرتے ہیں۔ پریڈ کی تیاری کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو سکیورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے۔تیاری کے لئے بعض راستے دو تین روز قبل بند بھی کردئیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں۔ مناسب ہوگا کہ اگر پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے، یوم پاکستان کو عوام کے نام پراحتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا پی ڈی ایم کا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔