دودھ، دہی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں ایک ساتھ بڑا اضافہ

ضلعی انتظامیہ لاہور نے ایک کلو دودھ اور دہی کی قیمت میں 15روپے اضافہ کر دیا، مختلف دالوں اور چاول کی قیمتوں میں بھی 3روپے سے40 روپے تک اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی منگل 7 دسمبر 2021 22:34

دودھ، دہی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں ایک ساتھ بڑا اضافہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2021ء) دودھ، دہی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں ایک ساتھ بڑا اضافہ، ضلعی انتظامیہ لاہور نے ایک کلو دودھ اور دہی کی قیمت میں 15روپے اضافہ کر دیا، مختلف دالوں اور چاول کی قیمتوں میں بھی 40 روپے تک اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کئی اشیاء کی سرکاری قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایک کلو دودھ اور دہی کی قیمت میں 15روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد ایک کلو دودھ کی قیمت 100روپے سے بڑھ کر 115روپے اور ایک کلو دہی کی قیمت 120روپے سے بڑھ کر 135روپے ہو گئی ہے ۔ اس کے علاوہ دال ماش کی فی کلو قیمت 215 سے بڑھا کر 235 روپے ، دال مسور کی فی کلو قیمت 205 سے بڑھا کر 220 روپے اور چاول کی فی کلو قیمت بھی بڑھا کر 115 روپے فی کلو سے 130 روپے فی کلو مقرر کردی گئی، ضلعی انتظامیہ نے نئی سرکاری قیمتوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی مختلف دالوں اور چاول کی قیمتوں میں بھی 10 روپے سے40 روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا گیا ۔دال چنا کی قیمت دس روپے اضافے سے 150 روپے کلو ،دال ماش کے قیمت 40 روپے اضافے سے 270 روپے ،دال مونگ کی قیمت 40روپے اضافے سی170 روپے ،کالے چنے کی قیمت دس روپے اضافے سے 150روپے ،دال مسور کی قیمت30 روپے اضافے سے 200 روپے ،مسر 40 روپے اضافہ سی200 روپے ،سفید چنے کی قیمت 26 روپے اضافہ سے 196 روپے فی کلو ہو گئی۔

چاول کی قیمت بھی 115 سے بڑھ کر 135 روپے کلو پہنچ گئی۔ جبکہ بدھ سے شہر میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز بلائے گئے اجلاس میں سادہ روٹی کی قیمت10 روپے سے بڑھا کر 12 روپے اور نان کی قیمت 15 روپے سے بڑھا کر 18 روپے کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کاتھیلا860 سے بڑھ کر 1100 روپے ہو گیا ہے جبکہ آٹا بوری 4800سے 6000 روپے ہو گئی،سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بھی شروع ہو چکی ہے اور ہم مہنگی ایل پی جی اور لکڑی کا استعمال کر رہے ہیں، ایسے میں موجودہ قیمتوں میں روٹی اور نان کی فروخت ممکن نہیں رہی۔