تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ،سردارعبدالقیوم نیازی

سیاسی کارکن کی زندگی ایک چیلنج کی طرح ہوتی ہے ، حکومت کارکنوں کے حقو ق کا تحفظ کر یگی، کارکن کسی صورت نظر انداز نہیں ہوں گے،وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر

بدھ 8 دسمبر 2021 23:17

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ، سیاسی کارکن کی زندگی ایک چیلنج کی طرح ہوتی ہے ، حکومت کارکنوں کے حقو ق کا تحفظ کر ے گی۔ کارکن کسی صورت نظر انداز نہیں ہوں گے۔راولاکوٹ کے حوالے سے تمام فیصلے سابق امیدوار اسمبلی نیئر ایوب اور خطاب اعظم کی مشاورت سے ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس راولاکوٹ میں تحریک انصاف کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی نیئر ایوب اور خطاب اعظم بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے دن رات محنت کی اور جماعت کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میں خود بھی کارکن رہا ہوں، کارکنوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست یا پارٹی کے مفاد میں کوئی بھی فیصلہ لیا گیا تو اس میں کارکنوں کو بھرپور اعتماد میں لیا جائے گا، کارکنوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا۔اس موقع پر سردار نیئر ایوب نے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا شکریہ ادا کیا ۔