لاہور سے کراچی پہنچنے والی فیملی کے 11 افراد میں اومیکرون وائرس کی تصدیق

متاثرہ افراد میں 3 مرد اور 8 خواتین شامل، ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 1 فیصد کے قریب پہنچ گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 31 دسمبر 2021 00:29

لاہور سے کراچی پہنچنے والی فیملی کے 11 افراد میں اومیکرون وائرس کی تصدیق
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 دسمبر 2021ء) لاہور سے کراچی پہنچنے والی فیملی کے 11 افراد میں اومیکرون وائرس کی تصدیق۔ متاثرہ افراد میں 3 مرد اور 8 خواتین شامل، ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 1 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی پہنچنے والی ایک ہی فیملی کے 11 افراد کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا شکار ہو گئے۔

جیو نیوز کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں رہنے والے ایک ہی خاندان کے 11 افراد جن میں 8 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں میں اومیکرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کچھ دن پہلے لاہور سے کراچی پہنچے تھے۔ متاثر افراد کی عمریں 26 سے 77 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں اومیکرون کے کیسز کی مجموعی تعداد بڑح کر 44 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ہی دن میں کورونا کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 1 فیصد کے قریب پہنچ گئی، گزشتہ روز 482 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 3 افراد کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ اس حوالے سے جمعرات کے روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا کہ اومیکرون وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں این سی او سی نے کہا کہ اومیکرون وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔ بتایا گیا کہ اومی کرون کے خلاف واحد دفاع مکمل ویکسینیشن ہی ہے۔ حکومتی ادارے کا کہنا ہے کہ اپنی ویکسینیشن جلد از جلد مکمل کروائیں اور کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔