خیبرپختونخواہ حکومت نے 600 ارب کہاں خرچ کئے، اس کا حساب دینا پڑے گا

کہا جاتا ہے کہ افغانستان سے بات کی جائے، گفتگو خوارج کو محفوظ خیبرپختونخواہ دینے کا بہانہ ہے، جو بھی دہشتگردوں کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ دہشتگرد تصور ہوگا، وزیرمملکت سینیٹرطلال چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:39

خیبرپختونخواہ حکومت نے 600 ارب کہاں خرچ کئے، اس کا حساب دینا پڑے گا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 27 ستمبر 2025ء ) وزیرمملکت سینیٹرطلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت نے چھ سوارب کہاں خرچ کئے، اس کا حساب دینا پڑے گا۔ اے آروائی نیوز کے مطابق طلال چوہدری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ گولی کا جواب گولی سے دیا جائے گا، کرک میں فوج اور سی سی ڈی نے مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن میں 17خوارج کو ہلاک کردیا گیا اور 6سے زائد کو گرفتار کیا گیا۔

ملک میں حالیہ دہشتگردی میں 80 فیصد افغان ملوث ہیں، کہا جاتا ہے کہ افغانستان سے بات کی جائے، ہم بات کررہے ہیں لیکن کیا نتیجہ نکلا؟گفتگو خوارج کو محفوظ خیبرپختونخواہ دینے کا بہانہ ہے، جو بھی دہشتگردوں کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ دہشتگرد تصور ہوگا۔ خیبرپختونخواہ حکومت نے 600 ارب کہاں خرچ کئے، اس کا حساب دینا پڑے گا۔

(جاری ہے)

مزید برآں سکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 17 خوارج کو جہنم واصل کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مئوثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 17 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا۔  ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی علاقے میں دہشتگردوں کے صفایا کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک فتنہ الخوارج علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔