Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت اور بانی پی ٹی آئی کسی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے

وفاقی ادارے اور حکومت سن لے! جنگوں سے ہمیں نقصان ہورہا، ہم کہتے ہیں کہ مسئلہ مذاکرات سے حل کرو۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا پشاور جلسے میں خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:33

خیبرپختونخوا حکومت اور بانی پی ٹی آئی کسی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 27 ستمبر 2025ء ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت اور بانی پی ٹی آئی کسی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔ پی ٹی آئی ایکس کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں ہمارے اسی ہزار لوگ شہید ہوئے ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں۔

نہ عمران خان اور نہ ہی خیبرپختونخوا حکومت کسی قسم کے آپریشن کی اجازت دے گی۔ وفاقی ادارے اور حکومت سن لو جنگوں سے ہمیں نقصان ہورہا عمران خان بھی کہتا مزاکرات سے مسئلہ حل کرو ہم بھی کہتے مذاکرات سے مسئلہ حل کرو۔ وزیراعلی علی امین نے کہا کہ ہم صوبہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دیتے، نا ہی ہم کسی بھی قسم کے آپریشن کے حق میں ہیں۔

(جاری ہے)

آئین کی پاسداری ہم پر فرض ہے جس کے لیے ہم نے قربانیاں دیں، ہمارے ورکرز اب بھی جیل میں قید ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماء بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے پشاور جلسے میں کہا کہ وادی تیراہ کے شہداء پوچھتے ہیں کہ اس ملک میں ظلم کا نظام کب ختم ہو گا؟ عمران خان کا پیغام ہے کہ ظلم کا نظام ختم ہونے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی 78 سالوں سے اس ملک پر جابروں کی حکمرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری تین دن پہلے عمران خان سے ملاقات ہوئی، انہوں نے کہا لوگوں کو میرا پیغام دے دو میں ظلم کے سامنے کبھی نہیں جھکوں گا میں اپنے لوگوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لوں گا ۔ مزید برآں رہنماء پی ٹی آئی شاندانہ گلزار نے پشاور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 27 وی رمضان کو اس لیے نہیں بنا تھا کہ مریم اور بلاول مزے کرے اور باقی قوم تباہ ہو جائے معدنیات کے پیچھے پاکستان برباد کر دیا ہے خیبر میں دھماکے بلوچستان میں تباہی پنجاب ڈوب گیا، پنجاب کی جعلی وزیراعلی صرف ٹک ٹاک بناتی ہے ۔

اسی طرح مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آج کا جلسہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، مخالفین جلسے پر منفی پروپیگنڈہ کی بجائے حقیقت کا سامنا کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات