Live Updates

اس ملک کے مامے چاچے مت بنو تم نے تو پاکستان سے بھاگ جانا ہے

یہ میرا ملک ہے اور میں نے فیصلہ کرنا ہے کہ کسے وزیر اعظم بنانا ہے اور کسے پارلیمنٹ سے باہر نکالنا ہے، جنید اکبر خان کا پشاور جلسے سے خطاب

muhammad ali محمد علی ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:55

اس ملک کے مامے چاچے مت بنو تم نے تو پاکستان سے بھاگ جانا ہے
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2025ء) جنید اکبر خان کا کہنا ہے کہ اس ملک کے مامے چاچے مت بنو تم نے تو پاکستان سے بھاگ جانا ہے، یہ میرا ملک ہے اور میں نے فیصلہ کرنا ہے کہ کسے وزیر اعظم بنانا ہے اور کسے پارلیمنٹ سے باہر نکالنا ہے۔ آج میں نے قائد عمران خان صاحب کی کال پر پشاور میں عوام کا جو جوش و خروش اور جزبہ دیکھا وہ پہلے سے بڑھتا جا رہا ہے، سزائیں اور مقدمات نظریے کو خوفزدہ نہیں کر سکتے، یہ جوش و جزبہ یہ پیغام ہے کہ ظلم کی اندھیری رات میں مزاحمت کے چراغ بجھائے نہیں جاسکتے۔

‏میں اس موقع پر خیبر پختونخوا، بلخصوص پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے جو قافلے آئے اُن تمام کارکنان کا آج جتنا بھی شکریہ ادا کرو کم ہوگا۔ بے شک آج کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا عظیم الشان جلسہ تھا۔

(جاری ہے)

آخر میں پشاور کی تمام تنظیم و کارکنان کا زبردست میزبانی پر بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چیف جسٹس صاحب آپ جس 26 ویں ترمیم کی وجہ سے مزے کررہے ہو اس ترمیم کی وجہ سے ہماری مائیں بہنیں اٹھائی گئ ہیں، جس نے ویڈیو نکالنی ہے نکال لے اب ہم ڈریں گے نہیں لیکن کوئی اس غلط فہمی میں نا رہے کہ کوئی ہمیں بے عزت کرے گا اور ہم چھوڑ دیں گے ہم تمھیں ننگا کریں گے، جو بھی پارٹی کے اندر عمران خان کا وفادار نہیں ہوگا اس کے لیے زمین تنگ کر دیں گے تحریک انصاف میں اس کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

ہمیں کسی صورت آپریشن منظور نہیں ہے ، اگر تم آپریشن چاہتے ہو تو پہلے ان جرنیلوں اور کورکمانڈر کو کٹہرے میں لاؤ جنہوں نے جہاز بھر بھر کر یہاں سے لوگوں کو افغانستان بیجھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے پشاور جلسے کے انعقاد کے بعد جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ "پشاور جلسے میں شریک عوام کا عسکری رجیم اور اس کے حواریوں کے لیے پیغام ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کی ہر کوشش کو قوم مائنس کردے گی، ہر ہتھکنڈے کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے قائد کی محبت کو ضرب دی جائے گی، پشاور جلسے میں شرکت عوام کی تعداد نے ثابت کیا ہے کہ کپتان عمران خان قوم کی رگوں میں آج بھی خون کی طرح دوڑ رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کا نہ صرف قوم کو احساس ہے بلکہ قوم بھی اپنے لیڈر کی طرح حقیقی آزادی کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

" پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ "اقتدار پر قابض فرعونوں نے خواتین کی بے حرمتی کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا تاکہ باشعور خواتین کو ڈرایا جاسکے اور خوف دل میں بیٹھا کر ان کے بولنے پرا پابندی عائد کی جاسکے مگر خواتین کی بڑی تعداد میں جلسہ میں شرکت بتاتی ہے کہ آج کی عورت فرعونیت سے ڈرنے والی نہیں بلکہ باطل کا مقابلہ ڈٹ کر کرنا جانتی ہے۔

" اس سے قبل پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جنگ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، آج ہم اس عدلیہ کو ہدایت کرتے ہیں کہ آپ انصاف کے مطابق فیصلے کریں، آئین کی پاس داری اس ملک میں سب پر فرض ہے، ہم نے آئین کے لیے آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتے رہیں گے، اس ملک میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ساتھ جنگ میں بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ پوری قوم اکٹھی کھڑی ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت آپریشن کے حق میں نہیں ہے۔انہوں ںے کہا کہ حقیقی آزادی عمران خان کا خواب ہے عدلیہ کو پیغام دیتے ہیں کہ آئین کے مطابق انصاف دے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات