بی جے پی بھارت میں ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان تقسیم پید اکر رہی ہے ، محبوبہ مفتی

پیر 10 جنوری 2022 17:08

بی جے پی بھارت میں ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان تقسیم پید اکر رہی ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط  جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہندوئوں اور مسلمانوں میں تقسیم پیدا کر رہی ہے کیونکہ بی جے پی کے پاس مذہب کے نام پر سیاست اور لوگوں کو تقسیم کرنے کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی انتخابی فائدے کیلئے ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیاں تقسیم پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بیان کاحوالہ دیا جس میں انہوں نے کہاتھا کہ اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ80اور 20فیصد کے درمیان ہیں، جو ریاست میں مسلمانوں اور ہندوئوں کی مجموعی آبادی کی طرف واضح اشارہ ہے۔

(جاری ہے)

محبوبہ مفتی نے کہاکہ بی جے پی نے مذہب کے نام پر ہندو اور مسلمانوں کو تقسیم کیا اوروہ ملک میں مذہبی بنیادوں پر ہی اپنی سیاست کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں بی جے پی کے پاس مذہبی سیاست کے علاوہ اورکوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ پی ڈی پی پر قابض انتظامیہ کورونا وائرس کے ایس او پیز کی آڑ میں قدغن عائدکررہی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔