مشہور سیاحتی مقام پر سیاحوں کی آمد پر عائد پابندی ختم کر دی گئی

ملک بھر کے سیاحوں کو خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقامات وادی کاغان اور بالاکوٹ کا رخ کرنے کی اجازت دے دی گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 جنوری 2022 23:26

مشہور سیاحتی مقام پر سیاحوں کی آمد پر عائد پابندی ختم کر دی گئی
بالاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری2022ء) مشہور سیاحتی مقام پر سیاحوں کی آمد پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیاحتی سیزن کے عروج پر ملک کے شمالی علاقوں کا رخ کرنے کے خواہش مند سیاحوں کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔ ملک بھر کے سیاحوں کو خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقامات وادی کاغان اور بالاکوٹ کا رخ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر بالا کوٹ کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن میں سیاحوں کو تلقین کی گئی ہے کہ جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سیاحوں کو بتایا گیا ہے کہ کیوائی کے مقام تک سیاح اپنی ذاتی گاڑی پر سفر کر سکتے ہیں، تاہم اس مقام سے آگے انہیں شوگران کے مقام پر جانے کیلئے جیپ درکار ہو گی۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا ہے کہ شوگران جانے کیلئے استعمال کی جانے والی گاڑی کے ٹائر پر چین باندھنا ضروری ہو گا۔ اس کے علاوہ ہوٹلوں میں گنجائش ختم ہونے پر مزید سیاحوں کو آمد روک دی جائے گی، تاکہ وہ کسی مشکل سے دوچار نہ ہوں۔ یاد رہے کہ سانحہ مری کے بعد وادی کاغان سمیت ملک کے کئی سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے بند کر دیے گئے تھے۔ اب ان سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد و رفت کی بدتریج اجازت دی جا رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب مری میں سیاحوں کی آمد پر عائد پابندی کے خاتمے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔