اسرائیل کے حملے میں ایرانی صدر کے زخمی ہونے کا انکشاف

چھ بم یا میزائل داغے گئے جن کا ہدف عمارت کی داخلی و خارجی راہ داریاں تھیں؛ ایرانی میڈیا رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جولائی 2025 12:18

اسرائیل کے حملے میں ایرانی صدر کے زخمی ہونے کا انکشاف
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی 2025ء ) گزشتہ ماہ ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران اسرائیل کے حملے میں ایرانی صدر کے زخمی ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔ ایرانی نیوزایجنسی کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان گذشتہ ماہ تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے کے دوران زخمی ہوئے تھے، یہ حملہ ایران کی اعلی سکیورٹی کونسل کے اجلاس کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا، 16 جون کو ہونے والے اس حملے میں صدر پزشکیان کی ٹانگ پر معمولی زخم آئے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ایران کی تینوں اہم ریاستی طاقتوں کے سربراہان اور اعلی حکومتی عہدیدار شریک تھے، ایرانی حکام حملے کے فوری بعد ہنگامی راہداری کے ذریعے عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہوئے، یہ راہداری پہلے سے ایسے کسی ہنگامی موقع کے لیے تیار کی گئی تھی اور عہدیدار اجلاس کے وقت عمارت کی نچلی منزلوں میں موجود تھے، اسرائیل کو اجلاس کی تفصیلات تک درست رسائی حاصل ہونا ممکنہ داخلی جاسوسی کی طرف اشارہ کرتا ہے، جس پر ایرانی حکام نے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی گئی تھی کہ یہ حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصر اللہ کے خلاف ہونے والی ایک کارروائی سے مشابہ ہو، حملے کے دوران 6 بم یا میزائل داغے گئے، جن کا ہدف عمارت کی داخلی و خارجی راہ داریاں تھیں تاکہ فرار کے راستے مسدود کیے جا سکیں اور اندر موجود افراد کو ہوا کی فراہمی منقطع ہو جائے، دھماکوں کے بعد عمارت میں بجلی بھی منقطع ہو گئی، تاہم اہلکار ایمرجنسی راستے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔