امریکا،یہودی عبادت گاہ میں یرغمال بنائے گئے تمام افراد بازیاب، حملہ آور ہلاک

حملہ آورڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کررہاتھا،تمام یرغمالی زندہ اور محفوظ ہیں،گورنر ٹیکساس

اتوار 16 جنوری 2022 14:50

ٹیکساس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) امریکی ریاست ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ کے اندر تین افرادکو یرغمال بنا کر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیاگیاہے جبکہ مغوی تمام افراد بازیاب کرا لیے گئے ، تمام یرغمالی زندہ اور محفوظ ہیں۔امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے دعوی کیا ہے کہ کولی ولی کی بیتِ اسرائیل نامی یہودی عبادت گاہ(سائناگوگ) میں یرغمال بنائے گئے تمام افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں دعوی کیا کہ کولی ولی کی بیتِ اسرائیل نامی یہودی عبادت گاہ(سائناگوگ) میں یرغمال بنائے گئے تمام افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں بتایاکہ تمام یرغمالی زندہ اور محفوظ ہیں۔

حکام نے بتایا کہ حکام عمارت میں داخل ہوئے تو انہوں نے دیگر 3 یرغمالیوں کو بچا لیا جبکہ یرغمال بنانے والا شخص مارا گیا، ایف بی آئی کی ٹیم واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس چیف کے مطابق یہودی عبادت گاہ میں 10 گھنٹوں تک یرغمال رہنے والے تمام 4 افراد کو رہا کرا لیا گیا ہے، یرغمال کرنے والا مشتبہ شخص ہلاک ہو چکا ہے، جبکہ تمام یرغمالی خیریت سے ہیں۔

یرغمال بنائے جانے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے تاہم حکام کی جانب سے یرغمال شخص کی شناخت ابھی نہیں بتائی گئی۔یرغمال بنانے والے شخص نے دیگر مطالبات کے ساتھ پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔عافیہ صدیقی افغانستان میں امریکی فوج اور حکومتی اہلکاروں پر مبینہ قاتلانہ حملے اور قتل کی کوشش کرنے کے 7 الزامات میں ٹیکساس کی جیل میں 86 برس کی قید کاٹ رہی ہیں۔