ًعقیدہء ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کیلئے عقیدہ ختم معصومیت ﷺ کا تحفظ ناگزیر ہے،اشرف آصف جلالی

اتوار 16 جنوری 2022 18:55

ٴْ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2022ء) تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺکے سربراہ و تحریک صراط مستقیم کے رہبر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ عقیدہء ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کیلئے عقیدہ ختم معصومیت ﷺ کا تحفظ ناگزیر ہے۔اعتقادی درستگی اور نظریاتی پختگی کے بغیر کسی میدان میں بھی حقیقی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔علماء پر لبرلزم کے حملے سے دن بدن صلح کلیت جنم لے رہی ہے۔

اللہ کا شکر ہے کہ اس نے عقائد اہل سنت کی شکل میں اعتقادی عدل کی دولت سے مالا مال کیا ہے۔ آج کے ریڈی میڈ نظریات کے مقابلہ میں حضرت مجدد الف ثانی اور اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں قادری رحمة اللہ علیہماجیسے اکابرین کی تعلیمات میں سلامتی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کراچی میں دار العلوم میمن کی جانب سے آئمہ و خطباء ،مدرسین و طلباء کیلئے خصوصی علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

تربیتی نشست کی صدارت نیو میمن مسجد کے خطیب صاحبزادہ مفتی محمد اکرام المصطفیٰ اعظمی نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عمران شامی، مفتی محمد شاہد بندیالوی،مولانا سید محمد رئیس شاہ، مفتی محمد احسن اویسی، مفتی اللہ رحم قادری، تحریک صراط مستقیم سندھ کے امیر مفتی محمد بشیر القادری، تحریک صراط مستقیم کراچی کے امیر مفتی محمد عثمان اختر جلالی، مفتی محمد شاہد عمران جلالی، حافظ محمد ناظم جلالی، مولانا محمد بلال فاروقی ودیگربھی شریک تھے۔

ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ عالم ربانی نبوی وراثت کا حامل ہونے کی وجہ سے دین پر حملہ آور قوتوں سے ہمہ وقت نبرد آزما رہتا ہے۔ بدی سے کمپرو مائز کرنا علماء حق کا شیوہ نہیں۔اہل حق کا کام قلت و کثرت دیکھے بغیر حق پر ڈٹے رہنا ہے۔علم دین پڑھنے پڑھانے کا مقصد صرف اور صرف غلبہٴ اسلام ہونا چاہئے۔علماء کا کام عوام کی روش کو اپنانا نہیں بلکہ عوام کو اسلام کے طریق پر چلانا ہے۔

علماء ومشائخ اہل سنت نے ان تھک جدوجہد سے پاکستان بنایا آج اسے بچانے کیلئے پھر اہل سنت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ 20فروری کو لاہور کی سرزمین پر’’ آل پاکستان سنی کانفرنس‘‘ کا انعقاد ’’آل انڈیا سنی کانفرنس بنارس‘‘ کا فکری تسلسل ہے ۔ آل پاکستان سنی کانفرنس ملک کی فضاؤں کو قرآن و سنت کی خوشبوؤں سے معطر کرنے کی ایک کاوش ہے۔