منشیات، گٹکا فروشی روکنے کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے،سیدعبدالوہاب شاہ

پیر 17 جنوری 2022 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) تحریک پاکستان کے کارکن اورسینئرمسلم لیگی رہنما سید رحیم شاہ کے بڑے صاحبزادے ماہر تعلیم اور سماجی رہنما سید عبدالوہاب شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا، اسلام میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے نظام تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، تاکہ دنیا کے بدلتے حالات کا بطریق احسن مقابلہ کیا جاسکے، جدید نظام تعلیم ملکی ترقی اور خوشحالی اور استحکام کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، انہوں نے کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام مہنگائی، لوڈشیڈنگ، گیس بندش، اور پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، سڑکوں کی ابتر حالت ہے، روڈ جگہ جگہہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سیوریج کا پانی اور کچرا ہر محلے میں بکھرا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

منشیات، گٹکا فروشی روکنے کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے، اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کو غیر محفوظ کردیا ہے۔ نوجوان نسل کو اچھا تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ معاشرے میں اچھا مقام حاصل کرسکے، حکومت اور اپوزیشن مخالفت برائے مخالفت کی بجائے قومی ترقیاتی امور اور ملک کی خوشحالی کیلئے ایک پیج پر آئیں، تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں، آخر میں تحریک پاکستان کے کارکن کے صاحبزادے سید عبالوہاب شاہ نے ملکی بقاء اور سلامتی کیلئے دعا کی۔