سپریم کورٹ عدالتی ہفتہ ، شریف خاندان کی شوگر ملز ، خواجہ برادران کی ضمانتیں منظور ہونے کے خلاف نیب نظر ثانی اپیلوں کی سماعت ہوگی

اتوار 23 جنوری 2022 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) سپریم کورٹ آف پاکستان میں (آج)پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دور ان شریف خاندان کی شوگر ملز ، خواجہ برادران کی ضمانتیں منظور ہونے کے خلاف نیب نظر ثانی اپیلیں ، شاہ زیب قتل کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کیس سماعت اہم مقدمات کی سماعت گی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے (آج)پیر24جنوری سے شروع ہونے والے پانچ روزہ عدالتی ہفتہ کے دوران سپر یم کورٹ اسلام آباد رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کیلئے معمول کے 6بینچ اور ایک تین رکنی خصوصی بنچ تشکیل دیدیا ہے ، بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل اورجسٹس محمد علی مظہر،بینچ دوئم سینئر جج جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس قاضی محمدامین احمد،بینچ سوئم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی، بینچ چہارم جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں جسٹس مظاہر علی نقوی اور جسٹس جمال خان مندوخیل، بینچ پنجم جسٹس اعجاز الااحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر جبکہ بینچ ششم جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہوگا ،پیر سے شروع ہونیوالے عدالتی ہفتہ کے دوران سپریم کورٹ میں عوامی دلچسپی کے جن اہم مقدمات کی سماعت ہوگی ان میں شریف خاندان کی شوگر ملوں سے متعلق کیس،سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی ضمانتیں منظور ہونے کیخلاف نیب کی نظر ثانی اپیلیں، شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور اس کے ساتھیوں کی عمر قید کیخلاف اپیل اورسی ڈی اے لیبر یونین (سی بی آر)کے انتخابات سے متعلق مقدمہ شامل ہے۔