Live Updates

سدھو کو کابینہ کا حصہ بنانے کے لیے پاکستان سے فون آیا

وزیراعظم عمران خان نے درخواست کی کہ سدھو میرا پرانا دوست ہے،اگر آپ ان کو کابینہ میں لیں گے تو میں شکرگزار رہوں گا،یہ بھی کہا کہ اگر سدھو کام نہیں کرتے تو بیشک انہیں کابینہ سے نکال دیں۔بھارتی پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کا انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 25 جنوری 2022 17:14

سدھو کو کابینہ کا حصہ بنانے کے لیے پاکستان سے فون آیا
دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2022ء ) بھارتی پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے وزارت اعلیٰ کے دور میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے فون کرکے  کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو کو کابینہ میں بحال کریں۔ امریندر سنگھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ نوجوت سنگھ سدھو کو کابینہ سے ہٹانے کے بعد اُنہیں پاکستان سے ایک باہمی جاننے والے کی کال موصول ہوئی۔

انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ مجھے ایک پیغام ملا جس میں درخواست کی گئی کہ نوجوت سنگھ سدھو میرا پرانا دوست ہے،اگر آپ ان کو کابینہ میں لیں گے تو میں شکرگزار رہوں گا، انہوں نے مزید کہا کہ اگر سدھو کام نہیں کرتے تو آپ بیشک انہیں کابینہ سے نکال دیں۔

(جاری ہے)

میڈیا نمائندوں کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ یہ پیغام مجھے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھیجا۔

۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سندھ سدھو آپس میں بہت اچھے دوست ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو اگست 2018 میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔اسی تقریب میں نوجوت سدھو نے پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو گلے لگایا ۔ بعدازاں وہ کرتار پور کوریڈور کی افتتاحی تقریب کے لیے بھی پاکستان آئے تھے۔

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارتی وفد کرتار پور کوریڈور کی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچا۔اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا بے حد شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرتا ر پور بارڈ ر کھولنے پر وزیر اعظم عمران خان کے مشکور ہیں،کرتار پور پاکستان اور بھارت کے مابین پیس کوریڈور ثابت ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان میل ملاپ سے نفرتیں کم اور محبت زیادہ بڑھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات