Live Updates

تحریک انصاف کا اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے اجتماع کا فیصلہ

3 روزہ اجتماع 13 تا 16 مارچ کو ہوگا ‘ انعقاد کی منظوری دے دی گئی‘ عمران خان بطور چیئرمین پی ٹی آئی خصوصی خطاب کریں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 جنوری 2022 11:09

تحریک انصاف کا اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے اجتماع کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے اجتماع کا فیصلہ کرلیا ، 3 روزہ اجتماع 13 تا 16 مارچ کو ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے اجتماع کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی ہے جس میں دنیا بھر سے پی ٹی آئی کی شاخوں کے منتخب ذمہ داران شرکت کریں گے ، جس کے لیے یورپ ، امریکہ اور وسطی ایشیاء سمیت دنیا کے دیگر حصوں سے بھی مندوبین مدعو ہوں گے ، اس اجتماع سے وزیراعظم عمران خان بطور چیئرمین پی ٹی آئی خصوصی خطاب کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز کے نمائندہ عبداللہ ریاڑ کی پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر اسد عمر سے ملاقات ہوئی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں ، سمندر پار پاکستانی روز اوّل سے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں ، سمندر پار پاکستانیوں کا یہ اجتماع ملکی سیاسی تاریخ کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اوورسیز پاکستانیز پی ٹی آئی کی ریڑھ کی ہڈی ہوں گے اور بہت سپورٹ ملے گی کیوں کہ عمران خان کو سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی حمایت حاصل ہے، ان ایک کروڑ ووٹرز میں عمران خان اور پی ٹی آئی جیسی مقبولیت کسی کے پاس نہیں ہے ، آئندہ ووٹر فہرستوں ووٹرز کی تصویر بھی شائع کی جائے گی اور اس وقت ملک میں 12 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ، انتخابات قریب آنے پر حلقے کے اعتبار سے موبائل فون پر ووٹرز کو حلقے کے اعتبار سے انتخابات سے متعلق سہولت فراہم کی جائے گی اس میں عارضی اور مستقل نمبر والوں کے پاس آپشنز ہوں گے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر معاملات طے کرے گی ، اپوزیشن صرف ویڈیو ویڈیو کھیل رہی ہے، پی ڈی ایم کے تینوں اجلاس بے نتیجہ رہے ، خوش قسمی سے ہمیں نالائق اپوزیشن ملی، فضل الرحمان اسلام آباد آئے تو اس وقت احتجاج کا وقت تھا، اب اپوزیشن کی ٹرین چھوٹ چکی ہے، یہ اب میڈیا، میڈیا اور ویڈیو، ویڈیو کھیل رہے ہیں، مہنگائی ملک لوٹنے والوں کے باعث ہے، انہیں اس کی سزا ملنی چاہیے، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات