نور عالم خان سے ہوٹل میں بدتمیزی، ویڈیو وائرل

نورعالم خان سے بدتمیزی کرنے والے اور دھمکیاں دینے والے پی ٹی آئی اوورسیز کینیڈا چیپٹر کے عہدیدار نکلے میرے گھر یا اہل خانہ کو نقصان پہنچانے والے سوچ لیں میں نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں، نورعالم کا دھمکیوں پر ایف آئی اے سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 19 مارچ 2022 16:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما و رکن قومی اسمبلی نورعالم خان سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ہوٹل میں دو افراد کی بدتمیزی کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پی ٹی آئی کے دو کارکنوں کی نور عالم خان کو گالیاں اور دھمکیاں دیتے سٴْنا جاسکتا ہے، دھمکیاں دینے والے شخص نے چھپا کرکیمرا آن کیا جس کی نشاندہی نور عالم خان نے کی۔

ویڈیو بنانے والے شخص نے نور عالم خان کو دھمکی دی کہ آپ پشاور آئیں میں آپ کو دکھاؤں گا۔ آگے سے نور عالم خان نے دھمکی دینے والے شخص سے سوال کیا کہ آپ بتائیں کہ میں نے کیا کیا ہی ویڈیو بنانے والا شخص نے دوبارہ دھمکی دی کہ آپ ذرا پشاورحلقے میں آئیں پھر آپ سے بات کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام آباد کے ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما و رکن قومی اسمبلی نورعالم خان سے بدتمیزی کرنے والے اور دھمکیاں دینے والے پی ٹی آئی اوورسیز کینیڈا چیپٹر کے عہدیدار نکلے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی عہدیداروں نے نور عالم خان کی ویڈیو بنا کر انہیں دھمکیاں دیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا اوورسیز کا کنونشن چند روز قبل اسلام آباد میں ہوا تھا۔ اوورسیز پاکستانیز پی ٹی آئی کے اوور سیز کنونشن میں شرکت کے لئے اسی ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔ذرائع کے مطابق ویڈیو بنانے والے دونوں افراد کینیڈین شہری ہیں، ایک کا تعلق پشاور اور دوسرے کا سیالکوٹ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں پی ٹی آئی کے 2 کارکنوں کی نور عالم خان کو گالیاں اور دھمکیاں دیتے سٴْنا جاسکتا ہے۔ویڈیو بنانے والے شخص نے نور عالم خان کو دھمکی دی کہ آپ پشاور آئیں میں آپ کو دکھاؤں گا۔آگے سے نور عالم خان نے دھمکی دینے والے شخص سے سوال کیا کہ آپ بتائیں کہ میں نے کیا کیا ہی ادھر تحریک انصاف کے باغی اراکین میں شامل نور عالم خان نے ملنے والی دھمکیوں پر ایف آئی اے سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نورعالم خان نے کہا کہ میرے گھر یا اہل خانہ کو نقصان پہنچانے والے سوچ لیں میں نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینے والے یہ سوچ لیں کہ میں اپنا بدلا لینا جانتا ہوں۔نور عالم خان نے کہا کہ چیف جسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیل ہے کہ اس بات کا نوٹس لیں ، منتخب نمائندہ ہوں ، قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہتا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز نور عالم خان نے بتایا تھا کہ انہیں قتل کی دھمکیاں ملی ہیں۔

نور عالم خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مجھے قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں، دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ جو بینظیر بھٹو اور بشیر بلور کے ساتھ ہوا، وہی آپ کے ساتھ ہوگا۔رکن قومی اسمبلی نے کہا تھا کہ مجھے دھمکی دی جا رہی ہے کہ تمھیں اور تمھارے 3 بیٹوں کیساتھ یہی کیا جائے گا۔نور عالم خان نے کہا تھا کہ مجھے کچھ ہوا تو موجودہ قیادت ذمہ دار ہوگی۔