سندھ سپر لیگ فٹبال لاڑکانہ لیوپرڈز نے جیت لی

لیاری فائٹرز کو فائنل میں ایک گول سے شکست، پیپلز فٹبال اسٹیڈیم میں میلے کا سماں

ہفتہ 2 اپریل 2022 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2022ء) محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے زیر اہتمام پیپلز فٹبال اسٹیڈیم لیاری میں سندھ سپر لیگ فٹبال 2022 لاڑکانہ لیوپرڈز نے 1-0 سے جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ لیوپرڈ اور لیاری فائٹرز کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسی تاہم میچ کے 80 ویں منٹ میں لاڑکانہ لیوپرڈ کے اسٹرائیکر احسان علی نے گول اسکور کرکے لیاری فائٹرز کو مات دیدی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اختر عنایت بھرگڑی نے کہا کہ اسپورٹس کی ترقی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ سیکنڈ سندھ سپر لیگ فٹبال ایونٹ کو رواں سال کے مقابلے میں مزید بہتر بنائیں گے۔ بعدازاں انہوں نے ونر ٹیم لاڑکانہ لیوپرڈز کو 15 لاکھ روپے کیش پرائز اور وننگ ٹرافی ، رنر اپ ٹیم لیاری فائٹرز کو 10لاکھ روپے ، حیدرآباد ٹائیگرز کو 5 لاکھ روپے کے کیش پرائز دیئے گئے۔

(جاری ہے)

بیسٹ گول کیپر لیاری فائٹرز کے محمد عمر بلوچ کو 1 لاکھ روپے کیش پرائز، ٹاپ اسکورر سکھر ڈولفن کے محمد افضل کو 1 لاکھ روپے، بیسٹ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ لاڑکانہ لیوپرڈ کے علی عزیر 1 لاکھ روپے کیش پرائز اور میڈلز دیئے گئے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر یوسف بلوچ نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

لاڑکانہ اور لیاری کی ٹیموں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں بے پناہ باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ پلیئرز کو معاشی طور پر مضبوط بنانا مشن ہے۔ انٹرنیشنل فٹبالر اور سندھ سپر لیگ کے کنوینئر کلیم اللہ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ایونٹ سنگل میل ثابت ہوا ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔ علاوہ ازیں ٹورنامنٹ میں 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔ سندھ سپر لیگ کے فائونڈر حمزہ فاروق اور میڈیا کوآرڈینیٹر رئیس خان کو بھی خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔ سنگر طفیل سنجرانی اور لیاری کے مشہور میوزیکل بینڈ لیاری انڈر گرائونڈ کے گیتوں پر شائقین نے بھرپور مسرت کا اظہار کیا۔