زوہیب قریشی کے فرار سے متعلق مقدمے میں گرفتار پولیس اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد

جمعرات 14 اپریل 2022 16:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2022ء) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دعا منگی اغوا کیس میں قیدی زوہیب قریشی کے فرار سے متعلق مقدمے میں گرفتار پولیس اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد کردی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی شیخ عباس مہدی نے دعا منگی اغوا کیس میں قیدی زوہیب قریشی کے فرار سے متعلق مقدمے میں گرفتار پولیس اہلکاروں کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے اے ایس آئی خالد سمیت 4 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ دیگر ملزمان میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یونس، نایاب احمد اور پولیس کانسٹیبل حبیب شامل ہیں۔ کیس کا تاحال حتمی چالان بھی عدالت میں جمع نہ ہو سکا۔ تفیتیشی افسر نے بتایا کہ موبائل فارنزک کے لئیے ارسال کئے جاچکے ہیں۔ فارنزک رپورٹ کے بغیر تحقیقات مکمل نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق کیس میں اب تک 6 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔

ملزمان میں ہیڈ کانسٹیبل محمد نوید، ہیڈ کانسٹیبل نایاب احمد،ہیڈ کانسٹیبل محمد یونس،کانسٹیبل حبیب ظفر اور عمر فاروق شامل ہیں۔ مدعی مقدمہ اے ایس آئی خالد بھی ملزمان میں شامل ہیں۔ اے ایس آئی خالد نے خود کو اور دیگر ملزمان کو بچانے کے لئیے مدعی مقدمہ بن گیا تھا۔ دوران تفتیش پتہ چلا کہ مدعی خالد واقعہ میں ملوث تھا۔ زوہیب قریشی کو اہلخانہ سے ملاقات کے لئیے بھی ملزم خالد بھیجا کرتا تھا۔ مذکورہ ملزمان کی ڈیوٹیاں بھی خالد ہی لگایا کرتا تھا۔ ملزم زوہیب قریشی کے فرار کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔