وزیراعظم شہباز شریف کا کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ، پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کمی کا اعلان، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

اتوار 24 اپریل 2022 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ کیا اور پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کیا۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ جو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہرممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کوٹ لکھپت جیل حکام کو خصوصی تاکید کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب ذرائع کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے تاکہ قیدیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔

اس تناظر میں وزیراعظم نے قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی تاکید کی۔ مزید برآں وزیراعظم نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو موثر طور پر استعمال میں لانے کی خصوصی ہدایت کی تاکہ قیدی اپنی سزا کا دورانیہ مثبت انداز میں پورا کر سکیں اور اپنے آپ کو سزا کے بعد معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے تیار کرسکیں۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جوہر ٹاؤن میں قائم رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور عوام کو ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔