اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 مئی 2022ء) کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں فائیو اسٹار ہوٹل ساراٹوگا میں جمعہ کے روز ہونے والے اس دھماکے میں کم ازکم 74افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں 14بچے شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے 22 افراد میں بھی ایک بچہ شامل ہے۔ اب بھی بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
کیوبا کے صدر مگیل ڈیاز کانیل نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد ایک ٹوئیٹ کر کے کہا، ''یہ کوئی بم دھماکہ یاحملہ نہیں تھا۔
یہ ایک حادثاتی واقعہ تھا۔‘‘ہوانا کے گورنر رینالڈو گارسیا زپاٹا نے ایک مقامی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 96 کمروں والے اس تاریخی ہوٹل میں جس وقت دھماکہ ہوا، اس وقت وہاں کوئی بھی غیر ملکی نہیں تھا۔
کیوبا کی سرکاری ٹیلی وژن پر بتایا گیا ہے کہ دھماکہ ایک ٹرک کی وجہ سے ہوا، جس کے ذریعے قدرتی گیس ہوٹل پہنچائی جا رہی تھی۔
(جاری ہے)
ہوٹل
کا نظم و نسق سنبھالنے والی کمپنی کے ایک عہدیدار رابرٹو کالزاڈیلا نے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب گیس ٹینک کو بھرا جا رہا تھا۔ریسکیو کارروائیاں جاری
حکام نے بتایا کہ وہ ملبے تلے دبی کم از کم ایک عورت سے رابطہ قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملبے میں مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ان کی تلاش کے لیے خصوصی کتوں کی خدمات لی گئی ہیں۔
ہوٹل
کی یہ عمارت سن 1880میں تعمیر کی گئی تھی جس میں بنیادی طور پر دکانیں تھیں لیکن اسے سن 1933میں ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا۔ یہ تاریخی ہوٹل میراڈونا، بیوئنسے، مک جیگر اور ریحانہ جیسی معروف شخصیات کی میزبانی کی وجہ سے کافی مشہور ہے۔کیوبا کے وزیر سیاحت جان کارلوس گریسیانے بتایا کہ ہوٹل میں مرمت کا کام چل رہا تھا جس کی وجہ سے یہ خالی تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ہوٹل آئندہ منگل سے دوبارہ کھلنے والا تھا۔دھماکے کی وجہ سے ہوٹل کی پہلی چار منزلیں پوری طرح منہدم ہوگئی ہیں۔ پورے علاقے میں دھوئیں اور گرد و غبار کے بادل چھا گئے۔ ہوٹل کے مین گیٹ کا ایک بڑا حصہ تباہ ہوگیا، کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور ہوٹل کے باہر کھڑی کاریں بھی تباہ ہوگئیں۔ قریب میں واقع ایک چرچ کا گنبد بھی منہدم ہو گیا۔
وزیر سیاحت گرانڈا نے بتایا، ''ہماری اب تک کی معلومات کے مطابق اس حادثے میں کوئی غیر ملکی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے، یہ بہر حال ابتدائی اطلاعات ہیں۔‘‘
عالمی رہنماوں کا اظہار افسوس
امریکہ
نے ہوانا ہوٹل حادثے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزار ت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک ٹوئٹ کرکے کہا، ''امریکہ آج صبح ہونے والے اس افسوس ناک دھماکے کے متاثرین کو اپنی دلی تعزیت پیش کرتا ہے۔‘‘میکسیکو کے وزیر خارجہ مارسیلو ایبراڈ نے حادثے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ صدر آندریس مینویل لوپیز اورباڈور کا اتوار کے روز کیوبا کا مجوزہ دورہ منسوخ نہیں کیا جائے گا۔
بولویا اور وینزویلا کے صدور کے علاوہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوسیف بوریل نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ج ا / ع س (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)