ڈاکٹر عافیہ کا بیسواں مدرزڈے امریکی جیل میںگذررہا ہے،پاسبان

آج ایک نہیں دو مائیں اپنے بچوں سے ملنے کے لئے ترس رہی ہیں:عبدالحاکم قائد پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ضلع سینٹرل کی جانب سے مدرز ڈے کے موقعہ پر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے مظاہرہ

اتوار 8 مئی 2022 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2022ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ پاکستانی معصوم اور بے گناہ ماں عافیہ صدیقی کابیسواں ’’مدرڈے‘‘ تنگ و تاریک امریکی جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید تنہائی میں گذرے گا۔ عافیہ جو خود بھی ایک ماں ہے، آج اس مدر ڈے پر جیل کی کال کوٹھری میں بیٹھی چھیاسی برس کی سزا کا عذاب جھیل رہی ہے۔

امریکی جاسوس اور قاتل ریمنڈ ڈیوس کے ذریعے عافیہ کی رہائی کی ڈیل ہوسکتی تھی لیکن حکومت نے یہ قیمتی موقع ضائع کیا ۔ ہزاروں پاکستانیوں کی موت اور معذوریوں کے ذمہ دار بھارتی جاسوس کلبھوشن اور انڈین پائلٹ ابھینندن کی انسانی ہمدردی کے ناتے عزت افزائی عافیہ کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔پاکستان اور امریکہ کی حکومتیں آج ایک نہیں دو مائوں کو اپنے بچوں سے ملوا کر دنیا کی تمام ماؤں کو علامتی طور پر سب سے بڑا تحفہ دیں۔

(جاری ہے)

وطن کی ان تمام عظیم مائوں کو سلام پیش کرتے ہیںجو صبرواستقامت کا پیکر ہیں۔ ان خیالات کااظہار پی ڈی پی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے ضلع سینٹرل کی جانب سے ، مدرز ڈے کے موقعہ پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے کئے جانے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں ضلع سینٹرل کے ذمہ داران اور ورکرز موجود تھے جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ "عافیہ کو جو لائے گا لیڈر وہ کہلائے گا"کے نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ عالمی ’’مدر ڈے‘‘ کے موقع پر پوری قوم کومبارکباد پیش کرتے ہیں۔قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو اپنی ماں اور تین بچوں سے بچھڑے 7300 دن ہوچکے ہیں۔ عافیہ کو اپنی ہی سرزمین سے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کرکے فروخت کیا گیا تھااور جھوٹی فرد جرم عائد کر کے چھیاسی سال کی ظالمانہ سزا سنائی گئی۔

بیس سالوں میں برسر اقتدار آنے والے تمام حکمرانوں نے دختر پاکستان عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کا وعدہ کر کے عوام سے ہمدردیاں بٹوریں اور بعد میں عافیہ کی واپسی کے وعدے کو یکسر فراموش کر دیا۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتی ہے کہ کم از کم ’’مدرڈے‘‘ کے موقع پرایک ماں سے کئے گئے وعدے کی لاج رکھیں۔

عافیہ کی ماں عصمت صدیقی اور بچے ’’مدر ڈے‘‘ کے موقع پر بڑی شدت سے وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں۔عافیہ جو اپنے دو بچوں سے بات کرنے کو ترس رہی ہے اور جسے اپنے تیسرے بیٹے سلیمان کی زندگی کے بارے میں بھی کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہے۔ خود عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی اپنی بیٹی سے بات کرنے اس کی آواز سننے کے لئے بیقرار ہیں۔ ریمنڈ ڈیوس کو پانچ بے گناہ شہریوں کا قتل کرنے کے بعد بھی باعزت طریقے سے امریکہ رخصت کیا۔ ریمنڈڈیوس ہی کیا، کئی اور جاسوس بھی جرم کر کے حکومتی سرپرستی میں اپنے وطن روانہ کیے گئے۔