Live Updates

اوپن مارکیٹ کے ساتھ انٹربینک میں بھی ڈالر کی اونچی اڑان

امریکی کرنسی پونے 4 روپے مہنگی ہوکر انٹربینک میں بھی ڈبل سینچری کے قریب پہنچ گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 مئی 2022 15:42

اوپن مارکیٹ کے ساتھ انٹربینک میں بھی ڈالر کی اونچی اڑان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مئی 2022ء ) ملک کی اوپن مارکیٹ کے بعد انٹربینک میں بھی ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے جہاں امریکی کرنسی پونے 4 روپے مہنگی ہوکر انٹربینک میں بھی ڈبل سینچری کے قریب پہنچ گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹر بینک میں ڈالر مزید 3 روپے 76 پیسے مہنگا ہوگیا ہے ، جس کے ساتھ ہی انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 199 روپے 50 پیسے ہوچکی ہے جب کہ گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا ریٹ 195 روپے 74 پیسے تھا ۔

قبل ازیں اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے ڈبل سینچری مکمل کر لی کیوں کہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر نے بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور ڈالر اوپن مارکیٹ میں 2 روپے مہنگا ہو کر 200 روپے کا ہو گیا ، اس حوالے سے ماہر معاشیات اور سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈالر کی قیمت 180 سے نیچے ہونی چاہئیے تھی لیکن ملک میں عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھی ، فیصلہ سازی نہ ہونے سے زرِ مبادلہ جا رہا ہے مگر ملک میں نہیں آ رہا اور ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔

(جاری ہے)

 ادھر پاکستان کے چیف اکانومسٹ ڈاکٹر زبیر خان عہدے سے مستعفی ہو گئے ، پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی طرف سے سرکاری اعداد و شمار میں ہیر پھیر کو ڈاکٹر زبیر خان کے مستعفی ہونے کی وجہ قرار دے دیا ، اس حوالے سے پی ٹی ائی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے اشتہاروں کی طرح سرکاری اعدار و شمار میں بھی جھوٹ بولنے کی کوشش کی ، اس کے نتیجے میں پاکستان کے جیف اکانامسٹ ڈاکٹر زبیر خان نے اپنے منصب سے استعفی دے دیا ۔

دوسری طرف گزشتہ دور حکومت میں امریکی کرنسی ڈالر کا ریٹ بڑھنے پر تنقید کرنے والے اس وقت نئی نئی توجیہات پیش کرتے نظر آرہے ہیں ، ایسا ہی ایک ٹویٹ اینکرپرسن غریدہ فاروقی کا بھی سامنے آیا ، جس میں خاتون صحافی نے لکھا کہ اوور سیز پاکستانی تو وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت سے بہت خوش ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ ووٹ کا حق ملے یا نہ ملے ڈالر کے بدلے نوٹ تو مل رہے ہیں ۔ غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ اسی لیے سمندر پار پاکستانیوں نے شہباز شریف کے دور حکومت کے ایک ماہ میں عمران خان دور سے بھی زیادہ اور تاریخی زرِمبادلہ پاکستان بھیجا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات