وقت آ گیا ہے کہ جامعات اپنا کردار ادا کریں، جامعات طلباء کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کریں، ڈاکٹر معصوم یاسین زئی

جمعرات 19 مئی 2022 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ جامعات اب اپنا کردار ادا کریں، جامعات طلباء کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام امن کے موضوع پر 2روزہ بین الاقوامی اسلامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعات کو خود کو معاشرے کی ضروریات کے مطابق بنا کر مسائل کا حل تلاش کرنے والے ادارے بن کر سامنے آنا ہو گا، پاکستان بھر کے محققین و سکالرز نے کانفرنس میں حصہ لیا جو کہ خوش آئند بات ہے۔ اس موقع ہر شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈی جی ادارہ تحقیقات اسلامی ڈاکٹر ضیا الحق نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد نفرت کو ہرانا اور امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کا مقصد امن کو عام کرنا ہے۔انہوں نے کانفرنس کی سرپرستی پر وزیراعظم شہباز شریف اور انعقاد میں تعاون پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا شکریہ ادا کیا۔