غصب شدہ وسائل کی بازیابی سلیم شاہ کا مشن ہے، سید ذوالقرنین شاہ

پیر 23 مئی 2022 14:46

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کے سابق امیدوار برائے تحصیل چیئرمین سید ذوالقرنین شاہ نے کہا ہے کہ غصب شدہ وسائل کی بازیابی سلیم شاہ کا مشن ہے، پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی محافظ جماعت ہے۔ وہ سوموار کو لوئر تناول کے عہدیداروں کی جانب سے دی جانے والی عید ملن پارٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے تحصیل لوئر تناول کے پارٹی عہدیداران، کارکنان، ووٹرز، سپورٹرز سمیت عوامی و سماجی حلقوں نے شرکت کی۔

سید ذوالقرنین شاہ اور دیگر رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں خدمت کی عملی مثال سید سلیم شاہ نے پیش کی ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی ذاتی گرہ سے اربوں روپے کے ترقیاتی کام پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کیلئے سہولت فراہم کی بلکہ مخالفین کیلئے بھی ایک ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے، جس لائن کے مطابق اب گراؤنڈ میں وہی رہے گا جو کارکردگی دکھائے گا، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں علاقہ تناول میں سالوں پر محیط عرصہ تک اقتدار میں رہنے والوں کی دوڑیں لگیں اور انہوں نے چند ایک آدھے ادھورے کام کئے اور عوام کو ایک بار پھر سے جھانسہ دینے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ یہ صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو سید سلیم شاہ کی کاوش ہے کہ انہوں نے پسماندہ علاقہ میں بسنے والے عوام کو شعور دیا، ان کے ووٹ کی قدر و قیمت سے آگاہ کیا، یہی وجہ ہے کہ اس بار پیسوں سے ووٹ اور ضمیر خریدنے والوں کو بھی دانتوں پسینے آئے۔ سید ذوالقرنین شاہ نے تمام شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتخابات میں ہار جیت مقدر کی بات ہے تاہم یہاں بات مقدر سے ہٹ کر چند ایک موقع پرستوں کے ہاتھ دیکھی ہے جو اتنے بڑے علاقہ تناول کے مفادات کا کسی سرمایہ دار کی بیٹھک میں بیٹھ کر سودا کر دیتے ہیں۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ تحصیل لوئر تناول کو بنے نو ماہ سے زائد کا عرصہ ہوا لیکن اس کے فنڈز روک دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ انشاء اللہ ہم عوام کے وسائل کے سو فیصد درست اور بروقت استعمال اور عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے سر گرم عمل رہیں گے۔