تھانہ روات کے ڈکیتی معہ قتل اور صادق آباد کے ڈکیتی کے مقدمات میں 8 ملزمان گرفتار ،78 لاکھ 40 ہزار مالیتی نقدی او رپرائز بانڈز برآمد کر لئے ہیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن غضنفر علی شاہ کی پریس کانفرنس

پیر 23 مئی 2022 17:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ نے کہا ہے کہ تھانہ روات کے ڈکیتی معہ قتل اور صادق آباد کے ڈکیتی کے دونوں مقدمات میں 08 ملزمان گرفتار کر کے 78 لاکھ 40 ہزار مالیتی نقدی او رپرائز بانڈز برآمد کر لئے ہیں۔ پیر کو ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں اہم مقدمات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ روات کے ڈکیتی معہ قتل اور صادق آباد کے دونوں مقدمات میں 08 ملزمان کو گرفتار کرکے 78 لاکھ 40 ہزار مالیتی نقدی اور پرائز بانڈز برآمد کیے،صادق آباد کے علاقہ میں واردات کے دوران شہری کو چھریوں کے وار کر کے زخمی کرنے اور 78 لاکھ سے زائد نقدی اور پرائز بانڈز چھین کر فرار ہونے کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا،مدعی مقدمہ کے 02 ملازمین سمیت 05 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان سے 78 لاکھ 40 ہزار مالیتی نقدی اور پرائز بانڈز برآمد کیے، مدعی مقدمہ کے اپنے ملازمین نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی تھی، پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا، موقع سے شواہد اکٹھے کئے گئے اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لئے 03 مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں،تفتیش کے دوران مدعی کے ملازمین کو مشکوک جان کر شامل تفتیش کیا گیا تو خضر اور فیصل نے واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا، پولیس نے مسلسل محنت سے ملزمان کے دیگر 03 ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جنہیں شناخت پریڈ کے لئے جیل بھجوایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نے کہا کہ گزشتہ ماہ روات کے علاقہ بحریہ ٹاؤن میں ملزمان نے واردات کے دوران ایک بزرگ شہری کو قتل جبکہ 02کو زخمی کر دیا تھا،پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے شواہد اکٹھے کئے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تفتیش کی۔سی پی او عمر سعید ملک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان اور ایس پی سی آئی اے کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز، جیو فینسنگ سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فیصل آباد، لاہور، علی پور چٹھہ اور رحیم یار خان تک ملزمان کی تلاش کے لئے ٹیمیں بھجوائی گئیں، پولیس نے ان تھک محنت اور مسلسل کوشش کے بعد 03 ملزمان کو ایک ماہ سے کم عرصے میں ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے جیل بھجوایا گیا ہے،ملزمان اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی وارداتیں کرتے تھے اور ریکارڈ یافتہ ہیں، ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈکیتی معہ قتل اور ڈکیتی کے دوران شہری کو زخمی کرنے کے دونوں مقدمات راولپنڈی پولیس کے لئے چیلنج تھے،دونوں مقدمات میں راولپنڈی پولیس نے پیشہ وارانہ تفتیش کی بدولت 08 ملزمان کو قلیل وقت میں گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کی،تھانہ صادق آباد کے ڈکیتی کے مقدمہ میں ملزمان کو گرفتار کر کے 100 فیصد رقم برآمد کی گئی،ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، دونوں مقدمات میں پولیس کی بہترین تفتیش اور کارکردگی پر سی پی او عمر سعید ملک نے تفتیشی ٹیموں کے لئے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔