ایٹمی طاقت ہونا اعزاز،مگر تنہا یہ طاقت مضبوط ریاست کی ضامن نہیں، فواد چوہدری

مضبوط ریاست جمہوریت، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا ٹویٹ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 28 مئی 2022 20:34

ایٹمی طاقت ہونا اعزاز،مگر تنہا یہ طاقت مضبوط ریاست کی ضامن نہیں، فواد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 28مئی 2022) ایٹمی طاقت ہونا اعزازکی بات ہے، مگر تنہا یہ طاقت مضبوط ریاست کی ضامن نہیں، مضبوط ریاست جمہوریت، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا ٹویٹ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہایٹمی طاقت کا حامل ہونا بہت بڑا اعزاز ہے، لیکن اکیلی ایٹمی طاقت مضبوط ریاست کی ضامن نہیں ریاست جمہوریت، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے انصاف پر مبنی معاشی نظام اور لوگوں کی نظام کی اونرشپ یہ وہ اجزاء ہیں جو مضبوط، طاقتور اور موثر ریاست کی تشکیل کرتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاکستان کی ایٹمی قوت بننے کی 24 ویں سالگرہ پر ٹوئٹ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان کے جوہری دھماکوں کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو ، نواز شریف اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ آزادی، خودمختاری، دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اظہاردن ہے، پروگرام کےمعمارذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش اور عظیم محب وطن نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نوازشریف نے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔