محکمہ صحت کاالائیڈو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال فیصل آباد میں انسداد تمباکو نوشی کلینکس قائم کرنے کا فیصلہ

منگل 31 مئی 2022 16:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2022ء) فیصل آبادضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے الائیڈو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں انسداد تمباکو نوشی کلینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ تمباکو نوشی ترک والے افراد کو اس عادت سے چھٹکارےمیں مدد مل سکے۔یہ بات ڈپٹی کمشنروانچارج ٹوبیکو کنٹرول سیل سہیل اشرف نے منگل کوانسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں31 مئی کو انسداد تمباکو کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال 80 لاکھ سے زائد افراد تمباکو نوشی کے استعمال اور اس کے دھویں کی وجہ سے موت کا شکار ہوتے ہیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد افراد صرف تمباکو نوشی کے دھواں کی وجہ سے موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے وزارت صحت حکومت پاکستان کے اشتراک سے فیصل آباد کو تمباکو نوشی کے دھویں سے پاک صحت مند معاشرہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس ضمن میں عوامی مقامات کو تمباکو نوشی کے دھویں سے پاک شہر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام میں اس کے نقصانات اور قوانین کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے میں سر گرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس،سٹی پولیس آفس،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،پی ایچ اے،ایجوکیشن اتھارٹی،پنجاب فوڈ اتھارٹی،ڈائریکٹر کالجز اور پبلک پارکس کو سموک فری قرار دیا جا چکا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹوبیکو کنٹرول سیل قائم کیا جاچکا ہے جو کہ تمباکو نوشی کے قوانین پر عملدرآمداور آگاہی کے حوالے سے سر گرم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ٹاسک فورس بھی تشکیل دی چکی ہے جو ضلع بھر میں تمباکو نوشی کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔ایف سی ٹی سی کی قومی کوآرڈینیٹرو پراجیکٹ ڈائریکٹر برائے”تمباکو کے دھویں سے پاک شہر“ وزارت قومی صحت کا کہنا تھا کہ اہل پاکستان کیلئے یہ امر باعث فخر ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے (مشرقی بحیرہ روم کے ریجنل آفس) ایمرو ریجن نے تمباکو کے انسداد کے مؤثر اقدامات کیلئے پاکستان کو انسداد تمباکو کے عالمی دن پر ایوارڈ دینے کا اعلان کیاہے اور اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کو اس کے عالمی کارنامے سے باضابطہ طورپر آگاہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت قومی صحت نے تمباکو کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن میں تمباکو کے اشتہارات،پروموشنز اور سپانسرشپ پر مکمل پابندی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ''سموک فری ماڈل'' کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور ایک کامیاب ماڈل کے طور پر بھی تسلیم کیا جارہا ہے جسے ملک بھر کے دیگر شہروں میں نافذ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے فیصل آباد کو سموک فری شہر بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی ۔علاوہ ازیں ضلع میں انسداد تمباکو کا عالمی دن اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ تمباکو نوشی کے کے خاتمے کیلئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا تاکہ تمباکو سے پاک نسل نو کی منزل حاصل کی جاسکے۔ کمشنرفیصل آباد زاہد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ تمباکو نوشی اور اس کے دھویں سے پاک صحت مند معاشرے کا قیام ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ عوامی آگاہی کیلئے متحرک ہے اور تشہیری ذرائع سے تمباکو نوشی کے خلاف نفرت کو اجاگر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے علما کرام سے کہا کہ وہ خطبات میں عوام کو تمباکو نوشی کے نقصانات اور اس سے باز رہنے پر زور دیں ۔انہوں نے کہا کہ تمباکو کے باعث 15 سے زائد مختلف بیماریاں اور فالج کا مرض لاحق ہوسکتا ہے لہٰذا شہری تمباکو نوشی سے گریز کریں۔