وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ کی تربیلا فائیو توسیعی منصوبہ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 2 جون 2022 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2022ء) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ سیاسی ہوگیا ہے، سندھ کو داسو اور بھاشا ڈیموں پر اعتراض نہیں تو کالا باغ ڈیم پر اعتراض کی کوئی وجہ ہو گی، اگر یہ حکومت استحکام کے ساتھ چلتی ہے تو اگلے 15سال میں قرضہ دینے والا ملک بن جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو تربیلا فائیو توسیعی منصوبہ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ پاکستان میں پانی ہے مگر شروع سے آج تک استحکام نہیں رہا،1974 کے بعد کسی حکومت کی پالیسی مسلسل نہیں چلی،پانی کے مسائل پر کابینہ میں بھی بحث ہوئی ہے مزید بھی مسائل رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 2025 تک بھی یہ منصوبہ مکمل ہو جاتا ہے تو ہماری خوش قسمتی ہوگی۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ ارسا سے بات کریں گے صوبوں کو پانی کی ضرورت ہے،ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بہت زیادہ فرق پڑ رہا ہے،خطرہ ہے اب کہیں 2010 جیسی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے ، کسی ٹنل کو بند نہیں کیا گیا ،پانی کی صورتحال آنے والے دنوں میں بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ سیاسی ہوگیا ہے، ڈیمز بنانا درست عمل ہے مگر عملدرآمد کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی زمین پر پانی کی صورت میں سونا بہہ رہا ہے،سندھ کو داسو اور بھاشا ڈیم پر کسی کو اعتراض نہیں تو کالا باغ پر ہونے کی کوئی وجہ ہوگی،ہم نے کہا ہے جتنا پانی آ رہا ہے وہ آگے دیتے جائیں روکا نہ جائے، تمام چینلز ایک ایک منٹ کیلئے پانی احتیاط سے برتیں کا پیغام چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ حکومت استحکام کے ساتھ چلتی ہے تو اگلے 15سال میں قرضہ دینے والا ملک بن جائے گا۔ وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ ایٹمی پروگرام ختم کرنے کیلئے دنیا ہمیں اربوں ڈالر دے رہی تھی،ہم نے پھر بھی ایٹمی پروگرام ختم نہیں کیا اگر یہ دوبارہ آگیا تو ایسے ہی ختم کر دے گا۔