پاکستان بہت مضبوط ہے اور اس کا دفاع ناقابل تسخیر ہے،قائم مقام گورنر سندھ

جمعرات 30 جون 2022 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان بہت مضبوط ہے اور اس کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پوری قوم حب الوطنی سے سرشار ہے اور ہماری نئی نسل پہلے سے زیادہ پرجوش ہے۔ ہمارے پاس انتہائی ماہر، ہنر مند اور ذہین لوگ ہیں جو اپنی قابلیت، لگن اور ایمانداری سے تمام قومی مقاصد کو پورا کر سکتے ہیں۔

ہمارا سب سے بڑا وسیلہ ہمارے نوجوان ہیں اور ہمیں دنیا کے سب سے زیادہ پرجوش نوجوان ذہنوں میسر ہیں۔ان خیالات کا اظہار قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے مقامی ہوٹل میں ''سلام سپاہی جیو جوان پاکستان زندہ باد'' کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، سول و مسلح افواج کے افسران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستانی سکیورٹی کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بہترین وقت ہے کہ ہم اپنے ملک کا ہر قیمت پر دفاع کریں کیونکہ ملک کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم اور پولیس افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری سول اور آرمڈ فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہی ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں اور ہمارے جوان/سپاہی اپنی جانیں دیتے ہیں تاکہ ہم رات کو سکون سے سو سکیں۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ پولیس ہو، رینجرز ہو یا پاکستان کی مسلح افواج، ہمارے جوان کئی دہائیوں سے ہماری اور ہمارے وطن کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ان کا خون ہماری آزادی اور ہمارے امن کی بنیاد ہے۔