صوابی ،پرمولی پولیس نے اندھے قتل کو ٹریس کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا، آلہ قتل برآمد

منگل 12 جولائی 2022 17:35

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2022ء) پرمولی پولیس نے اندھے قتل کو ٹریس کرکے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل کلاشنکوف اور کارتوس برآمد کرلئے ۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مدعی مقدمہ سرتاج ولد سیدقماش سکنہ مہر علی نے مورخہ انیس اپریل کو تھانہ پرمولی میں رپورٹ درج کرتے ہوئے بیان کیا کہ اس کے بیٹے طفیل احمد کو گھر سیاپنے پولٹری فارم جاتے ہوئے نامعلوم ملزم نے اسلحہ آتشین سے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

اس اندھے قتل کیس کے سلسلے میں ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان نے ایس پی انوسٹی گیشن صوابی محمد فیاض خان کی سربراہی میں ڈی ایس پی رزڑ عجب خان، ایس ایچ او پرمولی اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔جس پر ایس ایچ او پرمولی سب انسپکٹر شمس القمر اور تفتیشی افسر سب انسپکٹر لقمان خان نے جدید خطوط پر تفتیش عمل میں لاتے ہوئے ملزم حکم راج ولد استراج سکنہ مہر علی کو ٹریس کرلیا اور کامیاب کاروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔وجہ عناد ملزم حکم راج کی مقتول طفیل احمد کے ساتھ زبانی تکرار ہوئی تھی اور اسی رنجش کی وجہ سے اس نے مسمی طفیل پر فائرنگ کرکے ابدی نیند سلادیا تھا، مزید تفتیش جاری ہے۔