ملک و قوم کے مسائل کا حل دیانتدار اور باصلاحیت قیادت سے وابستہ ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

قرآن و سنت کے بابرکت نظام کیساتھ ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہوگا‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

منگل 2 اگست 2022 18:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2022ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت گھمبیر حالات کا شکار ہے۔ ملک و قوم کے مسائل کا حل دیانتدار اور باصلاحیت قیادت سے وابستہ ہے۔ دیانتدار قیادت اور باصلاحیت ٹیم ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔ پاکستان کے لوگوں نے تمام پارٹیوں اور لیڈروں کو آزما لیا ہے۔

اب واحد جماعت اسلامی ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے۔ موجودہ گندے اور بوسیدہ نظام میں سود کی معیشت، لوٹ مار،کرپشن کی سیاست اوروی آئی پی کلچر کے سوا کچھ نہیں۔ عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے ان میں دوگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک کا غریب بجلی و گیس کے بے تحاشہ بل دینے کیلئے پریشان ہے۔نااہل حکمرانوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ملک کا غریب دووقت کی روٹی کیلئے ترس رہاہے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں اور لیڈروں کو اپنی عیاشیوں اور اللے تلوں کے سوا کسی چیز کی فکر نہیں ہے۔ بار بار آزما ہوئے کرپٹ سیاستدان ملک وقوم کا پیسہ لوٹ کر ملک اور بیرون ملک جائیدادیں بنارہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی غربی لاہور کے زیر اہتمام این اے 135 اور این اے 136 کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلا س این اے 135 کے امیدوار برائے قومی اسمبلی و سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا۔اجلاس میںپی پی 161 سے چوہدری عبدالقیوم گجر، پی پی 171 سے غلام حسین بلوچ، پی پی 172 سے ڈاکٹر شفقت محمود صوبائی امیدواران اورامیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد اور متعلقہ صوبائی حلقوں کے امراء نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کے بابرکت نظام کیساتھ ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہوگا۔ قوم ہمارا ساتھ دے انشاء اللہ جماعت اسلامی کی اہل اور دیانتدار قیادت مایوس نہیں کرے گی۔