Live Updates

عمران خان سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو نہیں ، ملک کا غدار بھی ہے، میاں جاویدلطیف کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پرجواب

منگل 2 اگست 2022 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی میاں جاویدلطیف نے کہاہے کہ عمران خان سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو نہیں بلکہ ملک کا غدار بھی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ادارے نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے مفادات کو بیچا ہے، ثاقب نثار والے فیصلے واپس نہ ہوئے تو ملک نہیں چل سکے گا۔

منگل کوقومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پرمیاں جاوید لطیف نے کہا کہ کل لسبیلہ میں افسوسناک واقعہ ہوا ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کو جوار رحمت میں جگہ دے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک فیصلہ آیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ یہ فارن نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس ہے، کیا ممنوعہ فنڈنگ جائز ہے۔ جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کے اندر جماعتوں کو فنڈنگ ہوتی ہے، ملکی تاریخ میں یہ پہلا کیس ہے جس میں غیر ملکی افراد اور کمپنیاں فنڈنگ کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مقاصد کیا تھے، کمپنیوں نے کن مقاصد کے لئے پیسہ دیا ہے اور اس کے بدلے میں کیا کیادیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ ہمسایہ اور بعض دوست ممالک کے سی پیک مخالف افراد نے بھی پی ٹی آئی کی فنڈنگ کی ہے ،جس وقت فنڈنگ ہورہی تھی اس وقت پاکستان مسلم لیگ کی حکومت سی پیک کے تحت گوادر اوبلوچستان میں منصوبے مکمل کررہی تھی ، سی پیک کا 40 فیصد بلوچستان میں خرچ ہو رہا تھا ، اس سے بلوچستان اور وفاق مضبوط ہوتا مگر 2014ء میں دھرنے شروع کئے گئے تاکہ سی پیک پر عملدرآمد نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ بیرونی فنڈنگ کے ذریعہ حاصل کردہ اربوں کھربوں روپے خرچ کرکے نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی، ان نوجوانوں سے محب وطن پاکستانیوں کو غدار اور غداروں کو محب وطن کہلوایا گیا، اسی طرح پیسوں سے فاطمہ جناح کوغدارقراردیاگیاتھا۔ نواز شریف کو غدار قرار دینے کی مہم میں بیرونی پیسہ استعمال ہوا ہے کیونکہ اس نے ملکی دفاع اور معیشت کو مضبوط کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لاڈلے کے لئے قانون الگ ہے، اربوں کھربوں روپے کھانے والے کے خلاف سوموٹو کب ہوگا۔ ثاقب نثار کے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کو سکروٹنی کرنی چاہیے۔ عمران خان سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو نہیں بلکہ ملک کا غدار بھی ہے۔ پہلا موقع ہے کہ ایک ادارے نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کے مفادات کو بیچا ہے، یہ پاکستانی قوم کو غلام بنانے کا موجب ہے۔ یہ پاکستان کا پہلا غدار تھا، ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک عدالتیں ازخود نوٹس لے کر یہ فیصلہ نہیں کرتیں کہ نواز شریف اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لے کر کیوں نااہل ہوا۔ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو سب کو یکساں میدان فراہم کرنا ہوگا۔ اگر ثاقب نثار والے فیصلے واپس نہ ہوئے تو ملک نہیں چل سکے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات