بھارت زیادہ دیر تک فوجی طاقت کے زور پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا،میاں فاروق الطاف

جمعہ 5 اگست 2022 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) سینئر وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کہا ہے کہ بھارت زیادہ دیر تک فوجی طاقت کے زور پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا اور انہیں عنقریب آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو گا ۔ بھارتی فوج نے بے گناہ کشمیری عوام پر جبر و تشدد کے تمام ہتھکنڈے آزمالیے ہیں مگر وہ ان کا جذبۂ حریت سرد کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھایہ خطہ بہت جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے تین سال مکمل ہونے پر ایوان قائداعظم لاہور میں '' یوم استحصال'' کی خصوصی نشست کے دوران کیا۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

میاں فاروق الطاف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 75برسوں سے حل طلب ہے۔

اس مسئلہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے کشمیری بھائی اور بہنیں قربانیاں دے رہے ہیں اور ہر گزرتے وقت کے ساتھ ان کا جوش جہاد بڑھتا جا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر جلد حل ہو گا اور مسلمانان کشمیر ہمارے ساتھ شامل ہو کر پاکستان کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا آج ر یاست مقبوضہ جموں و کشمیر عملاً دنیا کے سب سے بڑے قید خانہ میں تبدیل ہو چکی ہے اور پوری ریاست پابندیوں میں جکڑی ہوئی ہے۔

محصور ریاست میں بھارت کی جانب سے قتل عام، نسل کشی ، اور جنگی جرائم کا بازار گرم ہے۔آ زاد کشمیر اور پاکستان کے لوگ مقبوضہ وادی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے ہر حد پار کریں گے۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی ضرور کامیاب ہو گی۔ آج ہم یو م استحصال منا رہے ہیں لیکن بہت جلد یوم فتح منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔

اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کشمیر ہر لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے ہمیشہ کشمیری عوام کی جدوجہد ِ آزادی کی حمایت کی ہے اور یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک انہیں حق خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت اب وہ دن زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھنے والے نریندرامودی اور اس کے ساتھیوں کے مذموم عزائم خاک میں مل جائیں گے۔