Live Updates

امام حسینؓ کی شہادت نے ثابت کر دیا جیت حق کی ہوتی ہے، شاہ محمودقریشی

پیر 8 اگست 2022 20:03

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امام حسین ؓکا فلسفہ سب کو اکٹھا کرنا ہے، امام حسین ؓکی شہادت نے ثابت کر دیا جیت حق کی ہوتی ہے۔ ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممتاز آباد میں نویں محرم کے مرکزی جلوس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ایک روایتی خاندان ہے، قوموں پر جب مشکل وقت آتا ہے قوم کی بچیوں کو کردار ادا کرنا پڑتا ہے، مہربانو بی بی پڑھی لکھی ہیں، صحافی بھی رہی ہیں،عمران خان کے بیانیہ کو آگے بڑھانے کے لئے مہر بانو الیکشن لڑ رہی ہے۔ہم اپنی مشرقی روایات کو مد نظر رکھ کر کمپین کریں گے، خواتین کی حد تک مہر بانو ضرور کمپین کریں گی، میں بھی کمپین کروں گا اور زین قریشی بھی کمپین کریں گے،میں نے دیانت داری سے پارٹی کے مفاد میں اپنی بیٹی کو ٹکٹ دی،موسی گیلانی کا مقابلہ کرنے کیلئے کٹھن فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کا واضح موقف ہے، ہم شہداءکا احترام کرتے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کو عمران خان ذاتی طور پر جانتے تھے، وہ بہت اچھے انسان او ر پروفیشنل کمانڈر تھے۔ ان کی شہادت کا دکھ ہوا۔ ہماری پالیسی واضح ہے کہ فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔ زلزلہ اور سیلاب میں فوج نے بہترین کردار ادا کیا۔انہو ں نے کہا آج پوری دنیا میں صف ماتم بچھا ہوا ہے۔

پوری دنیا میں عزا داری ہو رہی ہے۔ اگر کہیں عزا داری نہیں ہورہی تو وہ مقبوضہ کشمیر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں عزا داری پر پابندی کی پرزور مزمت کرتا ہوں ،ہمارا مطالبہ ہے مقبوضہ کشمیر میں عزاداری پر فوری طور پر پابندی ختم کی جائے اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے مذہبی حقوق سلب نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نو محرم کا ملتان کا مرکزی تاریخی اور قدیمی ماتمی جلوس نکلتا ہے۔

جس میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں، اس جلوس میں سنی بھائی بھی اپنا حصہ ڈالتے ہیں، دونوں ملکر اس جلوس کا انتظام کرتے ہیں، دعا ہے لوگ اپنی عقیدت کے پھول شہدا کربلا پر نچھاور کرتے رہیں،اور امن کی یہ روایت ہمیشہ برقرار رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ،ارشد ندیم نے خطے کا نام دنیا میں روشن کیا۔ قومی ہیرو کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی ممتاز آباد میں نویں محرم کے مرکزی جلوس میں پہنچے انہو ں نے جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات