قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی کی شہید میجر سعید تنیو کے گھر آمد

ورثاء سے اظہار تعزیت،شہید میجر سعید ہمارا فخر ہیں،شہیدنے ملک وقوم کے لئے عظیم قربانی دی،سوشل میڈیا پر افواج پاکستان مخالف مواد کی مذمت کرتاہوں

جمعرات 11 اگست 2022 20:02

قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی کی شہید میجر سعید تنیو کے گھر آمد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے میجر سعید تنیو کے گھر گئے اور شہید کے ورثا ء سے تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میجر سعید کو سلیوٹ پیش کرتاہوں، شہید میجر سعید تنیو ہمارا فخر ہیں اور ان کی مادر وطن کے لئے دی جانے والی خدمات ہمیشہ یا د رکھی جائیں گی ،شہید نے اپنے ملک و قوم کے لئے عظیم قربانی دی ، وہ سندھ کے بیٹے تھے جو صوبہ کے لئے قابل فخر بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر افواج پاکستان مخالف موادکی مذمت کرتاہوں،اب جو سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف غلط زبان استعمال کرے گا اس کے خلاف کاروائی ضرور ہوگی،سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے والوں کو کہتا ہوں کے مہم بند کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد امداری کام کرنے پر افواج کو سلام پیش کرتے ہیں افواج پاکستان ریلیف کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سمندر آٹھ فٹ اوپر ہے اس سے پانی کھڑا ہوجاتا ہے اور مشکلات پیش آتی ہیں لیکن شہر میں حضرت عبد اللہ شاہ غازیؒ موجود ہیں ان کی برکت سے انشااللہ کراچی محفوظ رہے گا۔بعد ازاں آغا سراج درانی نے شہید میجر سعید تنیو کی قبر پر بھی حاضری دی اور قبرپرپھول چڑھائے،آغا سراج درانی نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی مانگی۔