جامعہ سندھ جامشورو نے یوم آزادی 14 اگست کو بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کردیا

جمعرات 11 اگست 2022 22:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) جامعہ سندھ جامشورو نے وطن عزیز کے یوم آزادی 14 اگست کو بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بیورو آف اسٹیگس نے تیاریاں مکمل کی ہیں ،جشن آزادی کی تقریب کا آغاز جامعہ سندھ کے حیدر بخش جتوئی پویلین پر صبح 7 بج کر 20منٹ پر ہوگاجس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کریں گے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران اسلام آباد میں قومی پرچم لہرانے کے وقت کے عین مطابق جامعہ سندھ میں بھی قومی پرچم لہرایا جائے گا تاہم جامعہ سندھ کے تمام کیمپسز و ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل سکول حیدرآباد میں بھی ٹھیک اسی وقت پر قومی پرچم لہرا کر تقریبات کا آغاز کیا جائے گا ۔ ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر غزالہ پنہور نے جامعہ سندھ کے تمام اساتذہ، افسران، ملازمین، طلبہ و طالبات کو جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ دوسری جانب میڈیا کے نمائندگان کو بھی تقریب کی بھرپور کوریج کی دعوت دی گئی ہے ۔ ادھر رجسٹرار ڈاکٹر غلام محمد بھٹو نے بھی جشن آزادی بھرپور انداز میں منانے کیلئے سرکلر جاری کردیا ہے۔