سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت اہم اقدامات کر رہی ہے ،عبدالقادر پٹیل

وزیر اعظم موسم کی خرابی اور حکومتی مصروفیات کے باعث لسبیلہ کا دورہ نہ کرسکے،بلوچستان کی صوبائی کی محدود وسائل کے باوجود کارکردگی قابل تحسین ہے،بارش اور سیلاب کے بعد بیماریوں کی روک تھام کے لئے کام کریں گے،وفاقی وزیر صحت

ہفتہ 13 اگست 2022 23:20

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت اہم اقدامات کر رہی ہے ،وزیر اعظم موسم کی خرابی اور حکومتی مصروفیات کے باعث لسبیلہ کا دورہ نہ کرسکے، بلوچستان کی صوبائی کی محدود وسائل کے باوجود کارکردگی قابل تحسین ہے،بارش اور سیلاب کے بعد بیماریوں کی روک تھام کے لئے کام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شام ضلع لسبیلہ کے صدرمقام اوتھل سرکٹ ہاؤس میں محکمہ صحت بلوچستان کے افسران سے بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عبدالقادد پٹیل نے کہا کہ وفاقی حکومت لسبیلہ اور بلوچستان بھر کے سیلاب سے متاثرین کی فوری بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ لسبیلہ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بارش اور سیلاب سے تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا لسبیلہ کا دورہ کنفرم تھا لیکن وہ موسم کی خرابی بعد ازاں حکومتی مصروفیات کی وجہ سے لسبیلہ نہ آسکے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وسائل نہ ہونے کے باوجود بلوچستان کی صوبائی حکومت نے بہترین کام کیا ہے،نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ لسبیلہ کا سروے کرے گا بارشوں اور سیلاب کے بعد پھیلنے والے وبائی امراض اور بیماریوں کی روک تھام کے لئے کام کریں گے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اپوزیشن جتنا بھی جتن کرلے ان کی قبل از انتخابات کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ بلوچستان میں صحت اور ہر شعبے میں ترقی کی خواہاں ہے، بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ تھا اور ہے،لیکن ہماری حکومت کا نصب العین بلوچستان کی تعمیر،ترقی اور خوشحالی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلابی ریلوں نے پورا انفرااسٹرکچر تباہ کردیا لوگوں کے گھر ،دکانیں، فصلیں سیلاب کی نظر ہوگئیں کچھ نہیں بچا۔

ضلع لسبیلہ میں اموات کی تعداد 29 ہوگئی ہے، ہم سیلاب زدہ علاقوں میں ادویات کی کمی نہیں ہونے دیں گے،سیلاب کے حوالے سے شہباز شریف رابطے میں ہیں اگر انکی توجہ اس طرف نہ ہوتی تو انکی توجہ ضرور دلاتے۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ اس وقت ہم ہنگامی اور بحرانی کیفیت میں ہیں سیاست کی طرف نہیں سوچنا چاہیے،سیاست کی باتیں بعد میں ہوتی رہیں گی ،جو تباہی ہے اسے پہلے روکنا ہے۔

اس موقع پرڈی جی ہیلتھ بلوچستاث ڈاکٹر نور قاضی، پروینشل ای او سی ڈاکٹر آفتاب، ڈاکٹر اختر بلیدی (ای پی آئی) کوئٹہ، ڈاکٹر احمد، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈاکٹر عمر مینگل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قمر رونجھو ڈاکٹر نصرت ،ڈاکٹر نذیر احمد رونجھو، ڈاکٹر عارفہ جعفر، ڈاکٹر احسان اللہ،پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹر تنویر آفتاب بھی موجود تھے۔