الیکشن کمیشن نےقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 جیکب آباد کے ضمنی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا

بدھ 17 اگست 2022 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) الیکشن کمیشن نےقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 جیکب آباد کے ضمنی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پولنگ اتوار 2 اکتوبر کو ہو گی ۔ الیکشن کمیشن سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 25 سے 27 اگست تک وصول کئے جائیں گے ۔ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 28 اگست کو آویزاں کی جائے گی۔

ریٹرننگ افسر 31 اگست تک سکروٹنی کریں گے ۔

(جاری ہے)

کاغذات مسترد ہونے کی صورت میں اپیلیں3 ستمبر تک کی جا سکیں گی ۔ اپیلوں پر فیصلے ایپیلٹ ٹربیونلز 7 ستمبر تک کریں گے۔ نظرثانی شدہ فہرست 8 ستمبر کو آویزاں کی جائے گی ۔ 9 ستمبر تک امیدوار نام واپس لے سکیں گے، اسی دن امیدواروں کی حتمی فہرست لگائی جائے گی ۔ 10 ستمبر کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے جبکہ پولنگ 2 اکتوبر کو ہوگی ۔ واضح رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی کے امیدوار محمد میاں سومرو کی قومی اسمبلی سے مسلسل غیر حاضری کی بناء پر خالی ہوئی تھی ۔